نئی دہلی: بہار میں گنڈک ندی میں ایک بار پھر سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ نیپال میں شدید بارش کے بعد بگہا میں اس ندی کی سطح آب بڑھ کر ریکارڈ 91.25 میٹر تک پہنچ گئی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پشتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ آبی وسائل محکمہ (ڈبلیو آر ڈی) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
محکمے کے مطابق مغربی چمپارن ضلع میں گنڈک ندی کے بائیں کنارے واقع چمپارن پشتے کے دو حصے رات کے دوران متاثر ہوئے۔ ان میں ایک بگہا-ایک کے خیرٹوا اور دوسرا بیریا کے پھولیادھاڑ میں ہے۔ ڈبلیو آر ڈی کے ایک افسر نے بتایا کہ نیپال میں گنڈک ندی کے آبی ذخیرے والے علاقے میں ہوئی شدید بارش کے باعث والمیکی نگر بیراج سے پانی کا بہت زیادہ بہاؤ ہوا، جس سے نچلے علاقوں میں واقع پشتوں پر شدید دباؤ پڑا۔
مغربی چمپارن اور آس پاس کے علاقوں میں کئی مقامات پر پانی پشتوں کے اوپر سے بہنے اور رساؤ کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ محکمے کے مطابق اس بار والمیکی نگر بیراج سے چھوڑا گیا پانی سال 2024 میں ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ 62 ہزار 500 کیوسک سے کچھ کم ہونے کے باوجود بگہا کے گیج مقام پر ندی کی سطح آب اب تک کی بلند ترین سطح 91.25 میٹر تک پہنچ گئی۔ یہ سال 2024 میں درج گزشتہ ریکارڈ 90.90 میٹر سے 0.35 میٹر زیادہ ہے۔