مدھیہ پردیش میں مچھلی کی پیداوار 2024-25 میں بڑھ کر 4.45 لاکھ ٹن ہوگئی: موہن یادو

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-10-2026
مدھیہ پردیش میں مچھلی کی پیداوار 2024-25 میں بڑھ کر 4.45 لاکھ ٹن ہوگئی: موہن یادو
مدھیہ پردیش میں مچھلی کی پیداوار 2024-25 میں بڑھ کر 4.45 لاکھ ٹن ہوگئی: موہن یادو

 



بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے جمعہ کو کہا کہ ریاست میں ماہی پروری کا شعبہ ترقی اور خوش حالی کی نئی داستان رقم کررہا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں ریاست میں مچھلی کی پیداوار بڑھ کر 4.45 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ موہن یادو نے مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری راجیو رنجن سنگھ اور مرکزی وزیر مملکت ایس پی سنگھ بگھیل کے ساتھ قومی ماہی پروری سرمایہ کار و برآمد کنندگان کانفرنس 2026 کا افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں 910 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ ماہی پروری میں سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دینے کی پالیسی 2026 اور ہلالی آبی ذخیرے میں 316 پنجرہ نما مچھلی پروری یونٹوں پر مشتمل بھوپال کلسٹر جیسی پہل سے اس شعبے کی ترقی کو رفتار مل رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں 88.25 کروڑ روپے کی لاگت سے 49 آبی ذخائر اور 5 امرت سرووروں کو ترقی دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ ملے گا، جب کہ ماہی گیروں کی روزی روٹی بہتر بنانے کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اور دونوں مرکزی وزرا نے ’’مدھیہ پردیش ماہی پروری سرمایہ کاری و برآمدات سے متعلق رہنما اصول 2026‘‘ جاری کیے۔

اندرون ملک واقع ریاستوں سے مچھلی کی برآمدات کے امکانات بڑھانے کے لیے معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی) بھی جاری کیا گیا۔ پروگرام کے دوران آبی ذخائر کی ترقی اور امرت سرووروں کے مربوط ترقیاتی منصوبے کے لیے منظوری نامے پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ کسان کریڈٹ کارڈ، ماہی پروری سے وابستہ کوآپریٹو سوسائٹیوں، اسٹارٹ اپس اور وزیر اعظم ماہی پروری کسان سمردھی سہ یوجنا کے تحت منتخب مستفیدین میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔