نئی دہلی: دہلی اور قومی راجدھانی خطے (این سی آر) میں ہوا کا معیار خراب ہونے کے بعد فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) نے بدھ کے روز مرحلہ وار ردعمل کے منصوبے (گریپ) کے تحت پہلے مرحلے کی پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔
کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ دہلی میں 20 اکتوبر کو ہوا کے معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) 179 درج کیا گیا تھا، جو درمیانی زمرے میں آتا ہے۔ تاہم، اس میں تیزی سے اضافہ ہوا اور 21 اکتوبر کو دوپہر دو بجے یہ بڑھ کر 244 تک پہنچ گیا، جو خراب زمرے میں شمار ہوتا ہے۔
بیان کے مطابق، ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) کی پیش گوئیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی ہوا کا معیار خراب زمرے میں رہنے کا امکان ہے۔
گریپ کے پہلے مرحلے کے تحت کئی پابندیاں نافذ ہو جاتی ہیں۔ ان کے تحت ہوٹلوں، ریستورانوں اور کھلے ڈھابوں کے تندوروں میں ایندھن کے طور پر کوئلے اور لکڑی کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، ڈیزل جنریٹروں کے استعمال کی اجازت صرف ہنگامی یا ضروری حالات میں دی جاتی ہے۔