نئی دہلی: دہلی پولیس نے اسٹینڈ اَپ کامیڈین یش مہیشوری کے خلاف بہار کی خواتین، چھٹھ تہوار اور سندور کی روایت کے بارے میں مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرے کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ کارروائی مصنف اور شاعر نیلو تپل مرنال کی شکایت پر ساکیت پولیس اسٹیشن میں کی گئی ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ 24 اکتوبر کو جنوبی دہلی کے ساکیت علاقے میں ایک کامیڈی شو کے دوران کامیڈین نے خواتین کے وقار، مذہبی عقائد اور ثقافتی روایات کے بارے میں نازیبا تبصرے کیے تھے۔ اس معاملے میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے متعلق مبینہ تبصرے بھی شامل ہیں۔
پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 79، 196، 296 اور 352 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ شکایت کنندہ نے کامیڈین کے علاوہ پروگرام کے منتظمین اور کامیڈی کلب کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے پروگرام کی ویڈیو ریکارڈنگ، سوشل میڈیا پوسٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران دستیاب ویڈیوز اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس معاملے پر سیاسی سطح پر بھی سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے ارکان نے پولیس اور متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے کامیڈین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پارٹی کی قومی خواتین صدر چندر پر بھا بھاٹیہ نے کہا کہ یش مہیشوری کے مبینہ تبصروں سے بہار کی خواتین کی مذہبی وابستگی اور عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی قومی خواتین صدر ہوں۔ ہم یہاں شکایت درج کرانے آئے ہیں کیونکہ مہیشوری جی نے نازیبا تبصرے کیے ہیں اور ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ چھٹھ عقیدت کا معاملہ ہے اور ہماری مذہبی روایات سے جڑا ہوا ہے۔ ہم سندور لگاتی ہیں اور اپنے شوہروں کی سلامتی کے لیے دعائیں کرتی ہیں۔‘
‘ عوامی تفریح کے پروگراموں میں اس طرح کے تبصروں کے جواز پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹینڈ اَپ کامیڈین کو بھی یہ سوچنا چاہیے کہ آیا انہیں معاشرے میں اس طرح کی نازیبا زبان استعمال کرنی چاہیے۔ چندر پر بھا بھاٹیہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی خواتین کے بارے میں اس طرح کے تبصرے کرنے کی جرأت نہ کرے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ خواتین کی حفاظت، عزت اور وقار سے بھی جڑا ہوا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر اور وکیل سشیل کمار نے کہا کہ پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر اس معاملے کو اٹھایا گیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ کامیڈین نے اپنے تبصروں میں بہار کی خواتین اور چھٹھ تہوار کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی صدر چراغ پاسوان نے اس معاملے میں سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
سشیل کمار نے کہا، ’’ہم آج رام ولاس جی کی قیادت والی قومی لوک جن شکتی پارٹی کی جانب سے یہاں آئے ہیں۔ کامیڈین یش مہیشوری نے ہم بہاریوں، بہار کی خواتین اور ہمارے عظیم چھٹھ تہوار کے بارے میں ایسی باتیں کہی ہیں جنہیں ہم آپ کے سامنے دہرا بھی نہیں سکتے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ایف آئی آر درج کرانے اور قانونی کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ ان کے بقول صرف معافی مانگنے سے معاملہ ختم نہیں ہوسکتا، کیونکہ ان تبصروں سے بہار کے لوگوں کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچی ہے۔ سشیل کمار نے کہا کہ بہار کی خواتین اور ماؤں کے بارے میں جس طرح کی زبان استعمال کی گئی ہے، اس کے لیے محض معافی کافی نہیں۔
انہوں نے ملزم کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ایسا پیغام جانا چاہیے کہ مستقبل میں کوئی بھی کامیڈین مذہب، ذات، صنف یا مذہبی عقائد کو نشانہ بنانے والے تبصرے نہ کرے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بہار میں بھی اس معاملے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید شکایات سامنے آسکتی ہیں۔ یہ تنازع اس وقت مزید بڑھ گیا جب یش مہیشوری نے 21 نومبر 2026 کو ’’مورلی کوئسچنیبل‘‘ (Morally Questionable) کے نام سے اپنا اسٹینڈ اَپ کامیڈی ویڈیو اپ لوڈ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو 24 اکتوبر کو جنوبی دہلی کے ساکیت علاقے میں واقع ایک کامیڈی کلب میں ان کی پرفارمنس کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا۔