ممبئی:معروف فلمساز سنجے گپتا کا ہفتہ کی صبح انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد فلمی دنیا سے وابستہ کئی شخصیات نے ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پہنچ کر آخری دیدار کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔
سنجے گپتا کی رہائش گاہ پہنچنے والوں میں اداکار فردین خان۔ رونت رائے۔ روہت رائے اور گلشن گروور شامل تھے۔ ان کے علاوہ فلمساز راکیش روشن۔ ہدایت کار ملپ زویری۔ اداکار سدھانشو پانڈے اور فلمساز اشوک پنڈت بھی وہاں پہنچے۔ رونت رائے اور ملپ زویری فلمساز کے انتقال پر کافی غمگین نظر آئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔
سنجے گپتا 57 سال کے تھے۔ وہ ’کانٹے‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا‘ جیسی فلموں کی ہدایت کاری کے لیے مشہور تھے۔
ممبئی پولیس کے مطابق سنجے گپتا جمعہ کی دیر رات اپنے گھر میں گرنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے۔ وہ ورسوا پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں واقع ایک بنگلے میں رہتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ گھر میں ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ گر پڑے۔ اس دوران ان کے سر پر چوٹ آئی جس سے خون بہنے لگا اور بالآخر ان کی موت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ان کی اہلیہ۔ دو بچے اور گھریلو ملازم گھر میں موجود تھے لیکن سب کے سوئے ہونے کے باعث حادثے کا علم ہفتہ کی صبح ہوا۔ اہل خانہ نے اس واقعے کے سلسلے میں کسی شبہ کا اظہار نہیں کیا ہے اور نہ ہی کوئی شکایت درج کرائی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ان کی آخری رسومات سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
فلمی محاذ پر سنجے گپتا کی آخری ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دی مرانڈا برادرز‘ تھی جو 2024 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں ہرش وردھن رانے اور میزا ن جعفری نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ بطور پروڈیوسر انہوں نے فردین خان اور رتیش دیش مکھ کی اداکاری والی فلم ’وسفوٹ‘ بھی پیش کی تھی۔
اس سے قبل انہوں نے 2021 میں ’ممبئی ساگا‘ کی ہدایت کاری کی تھی جس میں جان ابراہم اور عمران ہاشمی مرکزی کرداروں میں تھے۔ تاہم انہیں خاص طور پر ’کانٹے‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا‘ جیسی کرائم ڈرامہ فلموں سے پہچان ملی۔ ان فلموں نے ہندی سنیما میں کرائم اور ایکشن تھرلر کے شعبے میں ان کی الگ شناخت قائم کی۔
ان کی دیگر ہدایت کاری میں بننے والی فلموں میں ’کابل‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا‘ بھی شامل ہیں۔ سنجے گپتا نے ایکشن۔ کرائم اور ڈرامہ پر مبنی فلموں کے ذریعے ہندی سنیما میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی فلموں میں منفرد اندازِ بیان اور جرائم کی دنیا کی کہانیوں کو خاص اہمیت حاصل رہی۔