ایئر چیف مارشل سنگھ نے تیجس میں جاپانی فضائی سربراہ کی پرواز کو سراہا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-09-2026
ایئر چیف مارشل سنگھ نے تیجس میں جاپانی فضائی سربراہ کی پرواز کو سراہا
ایئر چیف مارشل سنگھ نے تیجس میں جاپانی فضائی سربراہ کی پرواز کو سراہا

 



جودھپور: ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے کہا ہے کہ جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف جنرل تاکہیرو موریتا کی ہندوستان میں تیار کردہ لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ تیجس میں پرواز اس طیارے پر جاپان کے اعتماد کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی دفاعی ہوا بازی کی بڑھتی صلاحیتوں اور دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان گہرے ہوتے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔جودھپور ایئر فورس اسٹیشن پر جنرل موریتا کے ساتھ مشترکہ بیان کے دوران ایئر چیف مارشل سنگھ نے کہا کہ جنرل موریتا کی تیجس میں پرواز اس بات کی واضح مثال ہے کہ انہیں ہندوستان میں تیار کردہ طیارے پر کتنا اعتماد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پرواز دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ ٹریننگ خصوصاً لڑاکا طیاروں کی تربیت میں تبادلے کے پروگراموں کے لیے نئی راہ ہموار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان جاری دو طرفہ فضائی مشق ’ویر گارجین 2026‘ محض ایک فوجی مشق نہیں بلکہ دونوں فضائی افواج کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ایئر چیف مارشل سنگھ نے کہا کہ ویر گارجین 2026 دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بڑھتی ہوئی شراکت داری میں ایک اور پیش رفت ہے۔ اس سے باہمی سیکھنے۔ بہتر باہمی تعاون اور دونوں فضائی افواج کے اہلکاروں کے درمیان دوستی کو مزید گہرا کرنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فضائی افواج مل کر بہت کچھ حاصل کر سکتی ہیں اور یہ شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔اس سے قبل اتوار کو ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ اور جنرل تاکہیرو موریتا نے جاری فوجی مشق کے دوران جودھپور ایئر فورس اسٹیشن سے تیجس طیاروں میں پرواز کی۔ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ نے جنرل موریتا کی جانب سے ان کے لیے کہے گئے کلمات پر بھی شکریہ ادا کیا اور اپنے آئندہ ریٹائرمنٹ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تقریباً ایک ماہ بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ تاہم ہندوستانی فضائیہ میں یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ ادارہ کسی بھی فرد سے بڑا ہو۔ اس لیے ایک شخص کے ریٹائر ہونے سے ادارے اور دونوں فضائی افواج کے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے ساتھ تعلقات اسی طرح جاری رہیں گے اور ان کے جانشین اس شراکت داری کو آگے بڑھاتے ہوئے جاپانی فضائیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ایئر چیف مارشل سنگھ نے جنرل موریتا کا مشق میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودگی نے اس مشق کی سطح کو مزید بلند کیا ہے۔

’ویر گارجین 2026‘ میں ہندوستانی فضائیہ مقامی طور پر تیار کردہ ایل سی اے تیجس کے علاوہ ایس یو 30 ایم کے آئی اور رافیل لڑاکا طیاروں کے ساتھ حصہ لے رہی ہے۔ جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس ایف 2 اے لڑاکا طیاروں کے ساتھ مشق میں شریک ہے۔