حیدرآباد: دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کے دوران آنکھوں میں چوٹ لگنے سے کم از کم 10 افراد کو حیدرآباد کے مہیڈی پٹنم میں واقع سرکاری سروِجنی دیوی آئی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پی موڈینی نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ان مریضوں میں سے 8 کی سرجری کی ضرورت ہے، جب کہ 2 کی حالت تشویش ناک معلوم ہوتی ہے۔ ڈاکٹر موڈینی نے کہا، ’’ان میں سے 2 معاملے سنگین نظر آ رہے ہیں۔ باقی مریضوں کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے۔ آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹروں کی ٹیم کے معائنے کے بعد ہی صورت حال واضح ہو سکے گی۔‘‘
اسپتال کی ڈاکٹر سپریجا نے بتایا کہ اتوار کے روز پٹاخوں سے زخمی ہونے والے 50 سے 55 افراد علاج کے لیے اسپتال کے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) میں پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’ان مریضوں میں قرنیہ (آنکھ کی شفاف بیرونی تہہ) کو نقصان پہنچا ہے۔ اس لیے صرف 50 فیصد افراد کی بینائی واپس آنے کا امکان ہے۔ دیوالی کے موقع پر پٹاخوں سے زخمی ہونے والوں کے علاج کے لیے ہم نے 25 بستر مخصوص رکھے ہیں اور مریضوں کا علاج جاری ہے۔ آئندہ صورت حال پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔‘‘ اسپتال میں داخل ایک مریض نے بتایا کہ پٹاخہ جلاتے وقت پیش آنے والے حادثے میں اس کی آنکھیں زخمی ہوئیں۔
اس نے اے این آئی کو بتایا، ’’کل شام تقریباً 7 سے 8 بجے میں پٹاخے جلا رہا تھا۔ ایک پٹاخہ جلاتے وقت میں وقت پر وہاں سے دور نہیں ہٹ سکا اور وہ پھٹ گیا۔ اس کے بعد مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہوا۔ میری دونوں آنکھوں میں تکلیف ہے۔ میری بائیں آنکھ کی بینائی پوری طرح ختم ہوگئی ہے، جب کہ دائیں آنکھ سے تھوڑا بہت دکھائی دے رہا ہے، لیکن صاف نظر نہیں آتا۔‘‘ اس سے قبل سروِجنی دیوی آئی اسپتال کے آر ایم او ڈاکٹر محمد ابراہیم نے والدین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچے کسی بڑے کی نگرانی کے بغیر پٹاخے نہ جلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹاخے ہمیشہ کھلی جگہ پر جلائے جائیں اور قریب میں پانی ضرور رکھا جائے۔
ان کے مطابق، اگر کسی کی آنکھ میں چوٹ لگ جائے تو اسے صاف پانی سے دھونا چاہیے اور گھر پر علاج کرنے کے بجائے فوراً قریبی اسپتال، خاص طور پر آنکھوں کے اسپتال پہنچنا چاہیے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے نامپلی سے رکن اسمبلی ماجد حسین نے بھی اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے اس مرتبہ ایسے واقعات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اے این آئی سے کہا، ’’ڈاکٹروں نے مجھے بتایا ہے کہ ایک مریض کی بینائی واپس نہیں آ سکی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال زخمی ہونے والوں کی تعداد بڑھی ہے۔ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ دیوالی کا تہوار جوش و خروش سے منائیں اور اس سے بھرپور لطف اٹھائیں، لیکن پٹاخے ہمیشہ بڑوں کی نگرانی میں ہی جلائیں۔‘
‘ دریں اثنا، اتوار کے روز دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں بچوں سمیت کم از کم 35 افراد جھلس گئے۔ ان سب کو مدھیہ پردیش کے چھترپور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹر راجیش مشرا نے اے این آئی کو بتایا، ’’دیوالی کے دوران بارود اور پٹاخوں سے جھلسنے کے کئی مریض ہمارے پاس آئے ہیں۔ ان میں بچوں سے لے کر بزرگوں تک ہر عمر کے افراد شامل ہیں اور سب کا علاج جاری ہے۔ کچھ مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اب تک تقریباً 35 سے 40 مریض اسپتال پہنچ چکے ہیں۔ ان میں سے بیشتر واقعات پٹاخے جلاتے وقت بچوں یا ان کے والدین کی لاپروائی کے سبب پیش آئے۔