نئی دہلی: نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز عیدگاہ اسمبلی حلقے سے 6 بار کے رکن اسمبلی مبارک گل کو پارٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کیا۔ اس تقرری کو مبارک گل کے حامیوں میں پائی جانے والی ناراضگی دور کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی وزارتی کونسل میں توسیع کے فوراً بعد فاروق عبداللہ اور پارٹی کے سینئر رہنما ’نوائے صبح‘ میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں مبارک گل کو نیشنل کانفرنس کا نیا جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا۔ جب مبارک گل سے کابینہ میں توسیع کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وزارت کے لیے ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مناسب وقت آنے پر اس معاملے پر بات کریں گے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب نے آج پارٹی کے سینئر رہنما اور عیدگاہ کے رکن اسمبلی مبارک گل صاحب کو نیا جنرل سکریٹری نامزد کیا ہے۔ گل صاحب کو بہت بہت مبارک باد۔‘
‘ مبارک گل 1987 سے عیدگاہ اسمبلی حلقے سے ہر انتخاب جیتتے آ رہے ہیں۔ جنرل سکریٹری کے عہدے پر وہ علی محمد ساگر کی جگہ لیں گے، جنہیں منگل کے روز وزارتی کونسل میں شامل کیا گیا۔ چار نئے وزرا کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے لوک بھون روانہ ہونے سے پہلے مبارک گل نے صحافیوں سے کہا تھا کہ وزارت کے لیے ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔