نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو ایک سابق عدالتی افسر کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو انصاف تک رسائی کا یکساں حق حاصل ہے۔ سابق عدالتی افسر نے الہ آباد ہائی کورٹ میں زیر التوا اپنی درخواست پر جلد سماعت کی اپیل کی تھی۔
جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا کی بنچ نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا، ’’چاہے کوئی بس کنڈکٹر ہو یا ریاست کا سکریٹری، ہر شخص کو انصاف تک رسائی کا یکساں حق ہے۔‘‘ سابق عدالتی افسر نے اپنی ملازمت ختم کیے جانے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ درخواست گزار کو ہائی کورٹ سے رجوع کرکے وہیں جلد سماعت کی درخواست کرنی چاہیے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بنچ کو بتایا کہ ہائی کورٹ میں مقدمات کے بھاری بوجھ کے باعث ان کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ بنچ نے کہا کہ درخواست گزار کی عرضی کو ترجیح دینے کے لیے ہائی کورٹ سے کہنا ان دیگر عرضی گزاروں کے ساتھ ناانصافی ہوگی، جو اپنی درخواستوں پر سماعت کے لیے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔