نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم پرہلاد جوشی نے جمعرات کو بی ایڈ ڈگری رکھنے والے زیرِ ملازمت اساتذہ کے لیے پرائمری ٹیچر ایجوکیشن (پی ٹی ای) میں چھ ماہ کے سرٹیفکیٹ ’برج کورس‘ کا آغاز کیا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ یہ کورس نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس) کے ذریعے چلایا جائے گا۔ اس کے تحت اساتذہ کو بچوں پر مرکوز، جامع اور ان کی نشوونما کے مطابق تدریسی طریقوں سے واقف کرایا جائے گا۔
اس سے ابتدائی اور پرائمری سطح پر تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ وزارتِ تعلیم نے ایک بیان میں کہا، ’’یہ کورس بی ایڈ ڈگری رکھنے والے اساتذہ کے لیے پرائمری سطح پر تدریس کے لیے ضروری سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ بنے گا۔ یہ خصوصی پیشہ ورانہ ترقیاتی پروگرام اساتذہ کو وسیع تربیت فراہم کرے گا، جس سے وہ پرائمری سطح یعنی پہلی سے پانچویں جماعت تک کے طلبہ کو مؤثر طریقے سے تعلیم دینے کے لیے ضروری مہارتیں اور صلاحیتیں پیدا کر سکیں گے۔
‘‘ نیشنل کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن (این سی ٹی ای) کے مقررہ فریم ورک کے مطابق تیار کیے گئے اس کورس میں تعلیمی مطالعہ، کم از کم 10 دن کی آن لائن کلاسیں اور کم از کم 20 دن کا اسکول میں عملی تجربہ شامل ہوگا۔ سپریم کورٹ نے این سی ٹی ای کو ایسے مقرر کیے گئے اساتذہ کے لیے برج کورس تیار کرنے کا اختیار دیا تھا، جنہیں پرائمری ٹیچر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا، لیکن ان کے پاس ڈی ایل ایڈ کی اہلیت نہیں تھی۔ اس کے مطابق یہ کورس ان زیرِ ملازمت پرائمری اسکول اساتذہ کے لیے تیار کیا گیا ہے، جنہیں 28 جون 2018 سے 11 اگست 2023 کے درمیان بی ایڈ ڈگری کے ساتھ پرائمری سطح، یعنی پہلی سے پانچویں جماعت تک پڑھانے کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔