دلیپ کمار سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2021
دلیپ کمار کی جسد خاکی سانتا کروز قبرستان میں
دلیپ کمار کی جسد خاکی سانتا کروز قبرستان میں

 

 

ممبئی : فلمی دنیا کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کو سپرد خاک کردیا گیا۔ انہوں نے آج صبح پالی ہلز کی رہائش گاہ پر آخری سانس لی تھی۔ان کی آخری رسوم سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں ۔ سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں دلیپ کمار نم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا ۔دلیپ کمار کو جوہو واقع سانتاکروز قبرستان میں دفن کیا گیا جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے  گئے تھے۔ دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو نے سانتاکروز قبرستان پہنچ کر انھیں آخری بار سلام پیش کیا اور اس موقع پر وہ روتی-بلکتی اور بے حال نظر آئیں۔

 

updated 5:25 07-07-2021

یا د رہے کہ بالی ووڈ کے ممتاز اداکار اور شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کا آج صبح انتقال ہوگیا تھا۔دلیپ کمار پچھلے کئی سال سے بیمار تھے جبکہ پچھلے چند ہفتے کے دوران کئی بار اسپتال میں داخل کئے گئے تھے۔چند دنوں قبل ہی انہیں اسپتال سے رخصت کیا گیا تھا۔ انہیں سانس لینے میں تکلیف ہورہی تھی۔ ان کی عمر 98 سال تھی۔ بالی ووڈ پر سوگ چھا گیا ہے ۔ دلیپ کمار کو اداکاری کا ادارہمانا جاتا تھا جنہوں نے سات دہائیوں تک فلم بینوں کے دل و دماغ پر حکومت کی تھی۔ دلیپ کمار کے آفیشل ٹیوٹر اکاونٹ پر ان کے انتقال کی خبر دی گئی تھی۔    

آج صبح کو آخری سانس لینے والے شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار نے ہندوستان بلکہ دنیا کو سوگوار کردیا ہے۔شام پانچ بجے ان کا جنازہ سانتاکروز قبرستان پہنچ گیا تھا۔ دلیپ کمار کے آخری سفر سے قبل جسد خاکی کو ترنگے میں لپیٹا گیا تھا۔ جہاں ان کے چاہنے والوں، رشتہ داروں اور شیدائیوں کی بھیڑ ہے۔ پولیس نے لوگوں کی بھیڑ سے بچنے کے لیے بیریکیڈنگ کر دی ہے۔

 دلیپ کمار کو سرکاری اعزاز کے ساتھ الوداع کہا گیا اور انھیں اس وقت ترنگے پرچم میں لپیٹ کر رکھا گیا تھا۔ساتھ میں پولیس بینڈ تھا۔ گھر سے قبرستان لاتے وقت ایمبولنس پر سوار کرنے سے پہلے انھیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ اس موقع پر وہاں وجود سبھی لوگوں کی آنکھیں چھلک رہیتھیں۔ دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو بھی بے حال اور غمزدہ ہیں۔

updated 11:00 07-07-2021

 دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے ترجمان فیصل فاروقی نے ٹویٹ کی کہ ’بھاری دل اور گہرے دکھ کے ساتھ میں یہ اعلان کر رہا ہوں کہ ہمارے پیارے دلیپ کمار کچھ منٹ پہلے انتقال کرگئے ہیں۔ ہم خدا کی طرف سے ہیں اور ہمیں اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

ڈاکٹر جلیل پارکر نے بتایا کہ وہ طویل بیماری کے بعد صبح 7:30 بجے وفات پا گئے۔ دلیپ کمار کو پہلے چھ جون کوسانس لینے میں دشواری کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا تھا، ان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا تھا کہ ’واٹس ایپ کے فارورڈ میسیجز پر یقین مت کیجیے، صاحب کی حالت بہتر ہے۔ آپ کی دعاؤں کا شکریہ۔ ڈاکٹرز کے مطابق وہ دو سے تین دن میں اپنے گھر ہوں گے۔‘ دلیپ کمار کو 11 جون کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

دلیپ کمار کے انتقال کے بعد انھیں آخری وداعی دینے کے لئے اہم شخصیتوں کے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مشہور و معروف اداکار شاہ رخ خان بھی دلیپ کمار کا آخری دیدار کرنے کے لئے پہنچے اور روتی ہوئی دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سائرہ بانو انتہائی مغموم نظر آئیں جنھیں سنبھالتے ہوئے شاہ رخ نے ہمت اور حوصلہ کی تلقین کی۔

 

 

دلیپ کمار گذشتہ کچھ سالوں سے گردے کی تکلیف اور نمونیا کی وجہ سے اسپتال میں داخل اور ڈسچارج ہوتے رہے ہیں۔ کچھ سال پہلے اداکار نے اپنی سالگرہ اسپتال میں منائی تھی جہاں ان کا بخار اور ٹانگ میں سوجن کے لیے علاج جاری تھا۔ گذشتہ سال مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل دلیپ کمار نے بتایا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو احتیاطی تدبیر کے طور پر مکمل آئسولیشن میں ہیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔ دلیپ کمار جن کا اصل نام یوسف تھا، انڈین سینما کی کئی مشہور اور تاریخی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جن میں نیا دور، مغل اعظم، دیوداس، رام اور شیام، انداز، مدھومتی اور گنگا جمنا شامل ہیں۔

دلیپ کمار کو ایک اداکار کے ساتھ ایک نفیس انسان کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ وہ 11 دسمبر 1922 میں پشاور کے قصہ خوانی محلے میں پیدا ہوئے تھے۔ چند سال قبل ان کی سوانح حیات ’دلیپ کمار: دی سبسٹینس اینڈ دی شیڈو‘ میں ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر نظر پڑتی ہے لیکن ناقدین کا خیال ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں جتنا بتایا ہے اس سے کہیں زیادہ انہوں نے چھپایا ہے۔ اپنے زمانے کی خوبصورت ترین اداکارہ مدھوبالا سے ان کے عشق کے قصے بہت مشہور رہے لیکن انہوں نے اپنی عمر سے 20 سال سے زیادہ کم عمر اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔ دلیپ کمار نے 60 سے زیادہ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور اداکاروں کے لیے مشعل راہ رہے