کالی کٹ (عبدالکریم امجدی) ملک کی عظیم الشان دینی وعصری اسلامی یونیورسٹی جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ میں 78ویں یوم آزادی تقریب پر گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے پرچم کشائی کے بعد ملک کے عوام کویوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو ہم سلام کرتے ہیں۔
شیخ ابوبکر احمد نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی سب کی کوششوں کا نتیجہ ہے جوکہ اس بات کی یقین دہانی کرتی ہے کہ لوگو ں میں اتحاد اور ہم آہنگی ہی قوم وملت کو ترقی اور کامیابی کی طرف لے جاتی ہے۔مساوات،انصاف،بھائی چارہ،سیکولرزم اور جمہوریت کے اقدار کو پوری طرح برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری اور فرض ہے جمہوریت اور آئین ملک کی روح ہیں ۔شیخ نے کہاکہ ملک کو اب بھی غربت،ناخواندگی اور عدم مساوات کے چیلنجوں پر قابو پانے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید توجہ کی ضرورت ہے۔

شیخ ابوبکر نے کہاکہ ایک پُر عزم،ترقی پسند،اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کریں جو بھارت کے اقدار کی خوبصورتی ہے۔ انہوں نے کیرالہ کے ویناڈ میں ہوئی تباہی کے پس منظر میں کہاکہ سبھی برادری کے لوگوں نے تعاون کیا جو قابل ستائش ہے۔اس جشن کے موقع پر آئے عہد کریں اتحاد،انصاف،مساوات اور بھائی چارہ کی جوکہ ایک ترقی پسند خوشحال ہندوستان کے اقدار کی علامت ہے۔78ویں یوم آزادی کے اہم موقع پر اپنے تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔