نئی دہلی:الیکشن کمیشن آف انڈیا نے دہلی میں جاری خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کے تحت ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل ہونے سے رہ جانے والے اہل شہریوں کے اندراج کے لیے 27 ستمبر کو پورے دہلی میں خصوصی کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے۔دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق 31 اگست سے 24 ستمبر کے درمیان ووٹر فہرست میں نام شامل کرانے کے لیے فارم 6 کی 1 لاکھ 21 ہزار 224 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی جانب سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق 27 ستمبر کو خصوصی کیمپ قومی دارالحکومت خطے دہلی کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر لگائے جائیں گے۔ یہ کیمپ 20 ستمبر کو منعقد کیے گئے پہلے خصوصی کیمپ کے بعد لگائے جا رہے ہیں۔ اس کا مقصد ان اہل شہریوں کو ایک اور موقع فراہم کرنا ہے جن کے نام ڈرافٹ ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہیں۔
الیکشن کمیشن نے 14 مئی 2026 کو دہلی میں ایس آئی آر کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی اہل شہری ووٹر فہرست سے باہر نہ رہ جائے اور کسی نااہل شخص کا نام ووٹر فہرست میں شامل نہ ہو۔دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر کے تازہ روزانہ بلیٹن کے مطابق 31 اگست سے 24 ستمبر کے دوران دہلی کے 13 اضلاع میں فارم 6 کی مجموعی طور پر 1 لاکھ 21 ہزار 224 درخواستیں موصول ہوئیں۔ فارم 6 کا استعمال نئے ووٹروں کے نام ووٹر فہرست میں شامل کرانے کے لیے کیا جاتا ہے۔
اس مدت کے دوران سب سے زیادہ فارم 6 کی درخواستیں مغربی ضلع سے موصول ہوئیں جہاں 14 ہزار 838 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ اس کے بعد شمال مغربی ضلع میں 12 ہزار 527۔ مشرقی ضلع میں 12 ہزار 94۔ جنوب مشرقی ضلع میں 11 ہزار 864 اور شمال مشرقی ضلع میں 11 ہزار 191 درخواستیں موصول ہوئیں۔نئی دہلی سے اس مدت کے دوران 2 ہزار 144 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ پرانی دہلی سے 5 ہزار 248 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔
بلیٹن کے مطابق اسی مدت میں فارم 7 کی 2 ہزار 242 درخواستیں بھی موصول ہوئیں۔ فارم 7 کے ذریعے کسی نام کے ووٹر فہرست میں شامل کیے جانے پر اعتراض کیا جا سکتا ہے یا پہلے سے درج نام حذف کرنے کی درخواست دی جا سکتی ہے۔اس کے علاوہ رہائش کی جگہ تبدیل کرنے۔ ووٹر فہرست میں موجود تفصیلات کی اصلاح۔ ووٹر شناختی کارڈ کی جگہ نیا کارڈ حاصل کرنے اور معذور ووٹروں کی نشاندہی کے لیے فارم 8 کی 44 ہزار 582 درخواستیں موصول ہوئیں۔
27 ستمبر کے خصوصی کیمپ کے علاوہ چیف الیکٹورل آفیسر نے 18 سے 25 سال کی عمر کے نوجوان ووٹروں کے لیے بھی خصوصی اندراج کیمپوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ کیمپ 29 اور 30 ستمبر کو دہلی کے کالجوں۔ یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں لگائے جائیں گے۔
ان اداروں میں بوتھ لیول افسران ووٹر فہرست اور فارم 6 کے خالی فارم کے ساتھ موجود رہیں گے۔ وہ اہل نوجوان ووٹروں کو فارم بھرنے میں مدد کریں گے۔وہ نوجوان جن کی عمر یکم اکتوبر 2026 کو 18 سال مکمل ہوچکی ہے یا اس تاریخ تک 18 سال مکمل ہوجائے گی اور جن کا نام ڈرافٹ ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہے وہ مقررہ دستاویزات کے ساتھ اپنا نام ووٹر فہرست میں شامل کرانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے مطابق درخواستیں اور اعتراضات نوعیت کے مطابق فارم 6۔ فارم 6 اے۔ فارم 7 اور فارم 8 کے ذریعے داخل کیے جاسکتے ہیں۔ یہ فارم الیکٹورل رجسٹریشن افسر۔ اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسر۔ بوتھ لیول افسر اور مقررہ پولنگ اسٹیشنوں پر ذاتی طور پر جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
درخواستیں الیکشن کمیشن کے ووٹر سروسز پورٹل اور ECINET موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن بھی جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
دعویٰ اور اعتراضات کا عمل 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس مدت کے دوران موصول ہونے والی درخواستوں کو 29 اکتوبر تک نمٹایا جائے گا۔ حتمی ووٹر فہرست 4 نومبر 2026 کو شائع کی جائے گی۔دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرافٹ ووٹر فہرست میں اپنا نام ضرور چیک کریں اور جاری نظرثانی کے دوران خصوصی کیمپوں اور انتخابی خدمات سے فائدہ اٹھائیں۔