نئی دہلی: دہلی میں پیر کے روز بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی۔ دارالحکومت میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 385 سے 428 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی خراب سے سنگین زمرے میں آتا ہے۔ قومی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی سطح بہت خراب درج کی گئی۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق اکشر دھام مندر اور آئی ٹی او کے اطراف AQI کی سطح 349 ریکارڈ کی گئی۔ انڈیا گیٹ اور جن پتھ میں یہ سطح 335 رہی۔ یہ تمام علاقے بہت خراب زمرے میں شامل ہیں۔
روہنی میں AQI کی سطح 396 ریکارڈ کی گئی جو سنگین زمرے کے قریب ہے۔ علی پور میں یہ 375 ویویک وہار میں 370 اور نریلا میں 363 رہی۔ چندنی چوک میں 358 جبکہ جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم کے علاقے میں 343 درج کی گئی۔
اسی طرح براری میں AQI کی سطح 308 آیانگر میں 276 اور اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر 263 ریکارڈ کی گئی۔ آنند وہار میں یہ سطح 242 رہی۔ یہ تمام مقامات بہت خراب یا خراب زمرے میں درج کیے گئے۔
آلودگی پر قابو پانے کے لیے گاڑیوں اور تعمیراتی مقامات کی جانچ
دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے بتایا کہ آلودگی پر قابو پانے کے لیے خصوصی ٹیمیں گاڑیوں کی جانچ کر رہی ہیں۔ اس دوران پولوشن انڈر کنٹرول سرٹیفکیٹ (PUCC) کی پابندیوں کو یقینی بنانے کے ساتھ تعمیراتی مقامات کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ یکم نومبر کو 14,930 گاڑیوں کی جانچ کی گئی جبکہ PUCC کی خلاف ورزی پر 566 چالان جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ 300 تعمیراتی مقامات کا معائنہ کیا گیا۔
سرسا نے کہا کہ ٹیمیں گاڑیوں کے داخلے سے متعلق پابندیوں پر عمل درآمد کرانے آلودگی سرٹیفکیٹ کی جانچ کرنے اور تعمیراتی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی دھول کو روکنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے PUCC سرٹیفکیٹ کو درست رکھیں اور گاڑیوں کے داخلے اور تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق ضابطوں کی پابندی کریں۔
گریپ پابندیوں پر عمل درآمد سخت
دوسری جانب دہلی ٹریفک پولیس نے گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (GRAP) کے تحت عائد پابندیوں پر عمل درآمد مزید سخت کر دیا ہے۔
دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق یکم نومبر کو 7,279 گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ اس دوران 714 گاڑیوں کو واپس بھیج دیا گیا جبکہ 38 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔ 10 گاڑیوں کے چالان بھی جاری کیے گئے۔
پابندیوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے دہلی ٹریفک پولیس نے اتوار کو پڑوسی اضلاع کے پولیس افسران کے ساتھ رابطہ کاری کی میٹنگ بھی کی۔
عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے محکمہ پرنٹ میڈیا سوشل میڈیا اور ریڈیو کا استعمال کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کی سرحدوں پر معلوماتی بورڈ نصب کیے جا رہے ہیں اور شہریوں میں آگاہی کے لیے پمفلٹ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یکم نومبر کو رات 12 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 7,279 گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ ان میں سے 10 کے چالان کیے گئے 714 کو واپس بھیجا گیا اور 38 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔ (ANI)