دہلی فساد: تبسم کو 10 ماہ بعد ملی ضمانت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
محمود مدنی کا اظہار اطمینان
محمود مدنی کا اظہار اطمینان

 

 

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی فساد میں الزامِ ناحق کی شکار دو چھوٹے بچوں کی ماں تبسم کو بالآخر دس ماہ بعد ضمانت مل گئی۔

جج سبرامنیم پرساد نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کورٹ کا یہ آئینی فریضہ ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سرکار کی زیادتی کی وجہ سے کسی فرد کی شخصی آزادی متاثر نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ ضمانت اصل ہے اور قید کرنا استثنائی امر ہے، عدالتوں کو اپنے دائرہ اثر کو استعمال کرتے ہوئے شخصی آزادی کو بحال کرنا چاہیے، سپریم کورٹ نے بارہا اس پر زور دیا ہے کہ عدالتوں کو دو پہلوؤں پر بیداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے،اول یہ کہ وہ فوجداری قانون کے مناسب نفاذ کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ قانون کسی کو ہراساں کرنے کا ٹول نہ بن جائے۔

فاضل جج نے تبسم کے مقدمہ کے سلسلے میں مذکورہ تاثر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ دس ماہ سے جیل میں بند ہے، اس کے سلسلے میں ثبوتوں کے مطالعے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ وہ احتجاجی مقام کے آس پاس کے کسی بھی ویڈیو فوٹیج میں نظر نہیں آ رہی ہے اور استغاثہ کا یہ دعویٰ کہ برقعہ پہننے والی چند خواتین کو پولیس اہلکاروں پر حملہ کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے جیساکہ ویشال چودھری کے ویڈیوفوٹیج میں ایسا آیا ہے، بے وزن بات ہے۔کیونکہ ملزمہ کی شناخت ویڈیو میں نہیں ہوسکی۔ اس لیے عدالت کی رائے ہے کہ ملزمہ کی مسلسل قید کا کوئی جواز نہیں ہے۔

عدالت کے فیصلے اور آراء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی نے کہا کہ عدالت نے جو کچھ بھی کہا ہے کہ وہ سچ کا آئینہ دار ہے، عدالتوں نے جس طرح سے ر د عمل کاا ظہار کیا ہے کہ اس سے دہلی فساد میں پولس اور تحقیقاتی ایجنیسیوں کا کردار بے نقاب ہوا ہے۔

جمعیۃ علماء ہند نے تو شروع میں ہی دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی کہ دہلی فساد کی منصفانہ انکوائری کرائی جائے اور ثبوتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ افسوس اس بات پر ہے کہ فساد کے ڈیرھ سال گزر جانے کے باوجود بھی اصل مجرم کا پتہ نہیں چلا اور خانہ پری کے لیے قصور افراد کو پکڑ پکڑ کر جیل میں ڈال دیا گیا، انھوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ فساد کے آٹھ ماہ بعد تبسم کے گھر کے باہر نوٹس دالا گیا، جس سے ایک شہری کی سماجی زندگی متاثرہوئی اور اسے محض تخیل کی بنیاد پر دس ماہ تک جیل میں رہنا پڑا۔

جمعیۃ علماء ہند ایسے پریشان لوگوں کے مقدمات لڑرہی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے وکلاء کے پینل کی کوشش سے تین سو مقدمات میں ضمانت ملی ہے، جمعیۃ ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی کی نگرانی میں ساڑھے تین سو سے زائد مقدمات کی پیروی کررہی ہے۔