ایودھیا (اتر پردیش)،: بھگوان شری رام کی بن باس کے بعد ایودھیا واپسی کی خوشی میں منائی جانے والی دیوالی کے سلسلے میں ہفتہ کو ایودھیا میں شاندار جلوس کے ساتھ دیپ اتسو کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ اتر پردیش کے محکمہ سیاحت اور ثقافت کی جانب سے نکالے گئے اس جلوس میں رامائن کے مختلف واقعات اور حکومت کی فلاحی اسکیموں کو پیش کرنے والی جھانکیاں شامل تھیں۔ ریاست کے وزیر سیاحت و ثقافت جے ویر سنگھ نے ساکیت کالج سے ہری جھنڈی دکھا کر جلوس کو روانہ کیا۔ تقریباً 3 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد جلوس رام کتھا پارک پہنچا۔
ریاستی حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس سال کے جلوس میں 21 جھانکیاں شامل کی گئی تھیں۔ ان میں رام چرت مانس کے مختلف واقعات کے ساتھ مرکزی اور اتر پردیش حکومت کی فلاحی اسکیموں کو بھی نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ ان جھانکیوں میں جل جیون مشن، ایک ضلع ایک پروڈکٹ اسکیم، زراعت اور مویشی پروری، آیوشمان بھارت، مشن شکتی، پردھان منتری آواس یوجنا، پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اور ڈیفنس انڈسٹریل کوریڈور سمیت مختلف سرکاری اقدامات کو دکھایا گیا۔
دیگر جھانکیوں میں صاف ستھرا اور سرسبز اتر پردیش، ترقی یافتہ ہندوستان، اتر پردیش پولیس اور خود کفیل خواتین کے موضوعات بھی شامل تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ مختلف ریاستوں سے آئے فنکاروں کے لوک رقص اور روایتی ثقافتی مظاہروں نے جلوس کی رونق اور ثقافتی رنگا رنگی میں مزید اضافہ کیا۔ دیپ اتسو کے 10ویں ایڈیشن کے دوران دریائے سریو کے کنارے واقع 56 گھاٹوں پر 30 لاکھ دیے روشن کیے جائیں گے۔ اس تقریب کے ذریعے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
جے ویر سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’یہ سناتن ثقافت میں عقیدہ رکھنے والوں کے لیے ایک حیرت انگیز، شاندار اور روح پرور تقریب ہے۔ یہ عالمی سطح پر سناتن روایات اور ہماری ثقافتی وراثت کے احترام کا موقع ہے۔ سناتن دھرم کے پیروکاروں کے لیے اس سے بڑا کوئی موقع نہیں ہوسکتا۔ یہ تقریب ہر شخص کے دل میں فخر کا احساس پیدا کرے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں رامائن کے مختلف واقعات پر مبنی جھانکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔ سنگھ نے مزید کہا، ’’جیسے جیسے دن اور رات میں تقریبات آگے بڑھیں گی، آپ ایودھیا کو بھگوان رام کی عقیدت میں ڈوبا ہوا دیکھیں گے۔ یہ ایسی ایودھیا ہوگی جو سناتن اقدار کو اپناتی ہے اور اپنی شاندار وراثت کا احترام کرتی ہے۔‘
‘ وزیر نے کہا کہ حکومت ہر سال دیپ اتسو کے ذریعے دیے روشن کرکے ایک نیا معیار قائم کرتی ہے اور اگلے سال اپنے ہی سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔ اس سال بھی ہمارا ہدف پہلے قائم کیے گئے 9 ریکارڈ توڑنا اور تقریب کے ہر پہلو میں نئے معیار قائم کرنا ہے۔ اتر پردیش کے محکمہ سیاحت و ثقافت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری امرت ابھیجات نے پی ٹی آئی ویڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد مسلسل اپنے ہی قائم کردہ ریکارڈ کو بہتر بنانا ہے۔ ہم پہلے ہی 3 مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کراچکے ہیں۔ مستقبل میں ان ریکارڈز کو ’’ایودھیا ریکارڈز‘‘ کے نام سے پہچانا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی تھی۔ چونکہ حکومت پہلے ہی کئی ریکارڈ قائم کرچکی ہے، اس لیے اب انہیں مزید آگے لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ابھیجات نے کہا کہ یہ تقریب صرف مٹی کے دیے روشن کرنے تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کی سب سے بڑی خصوصیت عام لوگوں کی وسیع پیمانے پر شرکت ہے۔ طلبہ اور شہری پورے جوش و خروش کے ساتھ مل کر دیے روشن کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال تقریب کا 10واں ایڈیشن ہے اور اس موقع پر تمام ہوٹل پوری طرح بھر چکے ہیں۔ اس دلکش منظر کو دیکھنے کے لیے ممبئی، گجرات اور بہار سمیت ملک کے مختلف حصوں سے لوگ ایودھیا پہنچے ہیں۔
تقریب کی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار پیشکش میں تھری ڈی (3D) بصری اثرات استعمال کیے گئے ہیں، جو ناظرین کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے مناظر ان کی آنکھوں کے سامنے حقیقت بن کر ابھر رہے ہوں۔ اس کے لیے 2100 لیزر لائٹس استعمال کی گئی ہیں۔ رام کتھا پارک میں پیش کیے جانے والے پروگرام کے ذریعے 1528 سے لے کر موجودہ دور تک ایودھیا کی تاریخ اور ترقی کے سفر کو دکھایا جائے گا۔
جلوس کے مشاہدے کے لیے اناؤ سے آئے سشیل کمار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ایودھیا نے ایک روح پرور اور شاندار شکل اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے دیپ اتسو اور جلوس کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ جونپور سے آئے رام کمار نے رامائن کے واقعات پر مبنی جھانکیوں اور لوک فنکاروں کی پیشکشوں کو سراہا، جبکہ بلرام پور کی رہنے والی سشیلا نے رام کتھا کی پیشکش اور لوک فنکاروں کے مظاہروں کو انتہائی دلکش قرار دیا۔