نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) کے بانی ابھجیت دپکے نے ہفتہ کو کہا کہ اگر 10 اکتوبر سے پہلے ان کا ’ایکس‘ اکاؤنٹ بھی ہٹا دیا جاتا ہے تو انہیں حیرانی نہیں ہوگی۔ دپکے نے مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے ان کی تحریک کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی تھی، جس پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے پابندی لگا دی۔ اسی کے بعد دپکے نے یہ ردعمل ظاہر کیا۔
دپکے نے ’ایکس‘ پر لکھا تھا، ’’کاکروچ تحریک کی حمایت کرنے کے لیے شکریہ ممتا بنرجی میڈم! جمہوریت بچانے کے لیے تمام ہندوستانیوں کو ایک ساتھ آنے کی ضرورت ہے!‘‘ ترنمول کانگریس کے جوائنٹ سکریٹری ڈیرک او برائن نے اس پوسٹ کو شیئر کیا تھا، جس کے بعد ’ایکس‘ نے اسے محدود کر دیا۔ اب یہ پوسٹ دستیاب نہیں ہے اور اس کی جگہ پلیٹ فارم پر یہ پیغام دکھائی دے رہا تھا، ’’مقامی قوانین کی وجہ سے یہ پوسٹ ’ایکس‘ پر محدود ہے۔‘‘
او برائن نے پوسٹ پر پابندی عائد کیے جانے پر کہا کہ ممتا نے ’’کاکروچ‘‘ کی حمایت میں مضبوطی سے اپنی بات رکھی تھی اور دپکے نے ان کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس پابندی کے پیچھے ایک ’’خوف زدہ‘‘ حکومت ہے۔
اس کے بعد دپکے نے او برائن کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’اگر حکومت 10 اکتوبر سے پہلے میرا ’ایکس‘ اکاؤنٹ بھی ہٹا دیتی ہے تو مجھے حیرانی نہیں ہوگی۔‘‘ یہ واقعات ممتا بنرجی کی جانب سے جمعہ کو کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) کی تحریک کی حمایت کیے جانے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ کاجپا نے انتخابی عمل اور خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔