بھوبنیشور: اڈیشہ میں سمندری طوفان ’اکوان‘ کے خطرے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے 80 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ 74 امدادی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں اور کئی اضلاع میں احتیاطی طور پر تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ طوفان جمعہ کو آندھرا پردیش کے نرساپور اور اڈیشہ کے پوری کے درمیان، گوپال پور کے مشرقی علاقے کے قریب ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ریاست کے ساحلی اور جنوبی علاقوں میں بدھ کی رات سے ہلکی سے درمیانی بارش ہو رہی ہے، جس کی شدت بتدریج بڑھنے کا امکان ہے۔
احتیاطی اقدامات کے تحت ریلوے حکام نے جمعرات اور جمعہ کو وشاکھاپٹنم اور کوراپٹ کے درمیان چلنے والی 2 ٹرینیں بھی منسوخ کر دی ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات کی صبح جاری کردہ بلیٹن میں طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے مقام کے بارے میں صورت حال واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمعہ کی دوپہر تک شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اڈیشہ کے ساحلوں پر نرساپور اور پوری کے درمیان، گوپال پور کے مشرقی علاقے کے قریب پہنچ سکتا ہے۔ اس دوران ہوا کی زیادہ سے زیادہ مستقل رفتار 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے اور جھکڑوں کی رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ محصولات اور آفات سے نمٹنے کے ایک افسر نے بتایا کہ موسمی پیش گوئی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائی تیز کر دی ہے۔ حکومت نے 2 لاکھ افراد کو منتقل کرنے کا ہدف رکھا ہے، جس میں سے اب تک 80 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔ ایک دوسرے افسر کے مطابق ریڈ (فوری کارروائی کریں)، اورنج (تیار رہیں) اور یلو (چوکنا رہیں) الرٹ والے اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ مالکان گیری، کوراپٹ، رایاگڑا، کالاہانڈی، گجپتی، گنجام، کندھمال، بودھ، پوری، نیاگڑھ اور خوردھا اضلاع میں 74 امدادی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ گنجام ضلع میں ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وہاں کے ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ جمعرات کی صبح 6 بجے تک 36,398 افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا چکا تھا اور یہ کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 308 پناہ گاہیں فعال ہیں، جہاں منتقل کیے گئے لوگوں کے لیے مفت کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 1,098 حاملہ خواتین کو بھی بحفاظت محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ضلعی افسر کے مطابق گنجام کے تمام بلاکس میں اڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس (او ڈی آر اے ایف) کی 4، قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 3، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی 24 اور اڈیشہ فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (او ایف ڈی سی) کی 10 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے صبح کے بلیٹن کے مطابق خلیج بنگال کے وسطی مغربی حصے میں موجود شدید سمندری طوفان ’اکوان‘ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی جانب بڑھا۔ جمعرات کی صبح 5 بج کر 30 منٹ پر یہ آندھرا پردیش کے نرساپور سے تقریباً 440 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق، اڈیشہ کے گوپال پور سے 530 کلومیٹر جنوب اور پوری سے 590 کلومیٹر جنوب میں موجود تھا۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کے لیے کندراپڑا، جگت سنگھ پور، پوری، گنجام، گجپتی اور کندھمال اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور ان علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے باعث گنجام اور پوری اضلاع کے نشیبی علاقوں میں سمندر کی سطح میں معمول کی مدوجزر سے 0.5 سے 1 میٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے ان علاقوں میں پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔ طوفان کے قریب آنے کے ساتھ جنوبی اور شمالی اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوبی اڈیشہ کے ساحل پر فی الحال 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جن کے جھکڑ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ رہے ہیں۔