نئی دہلی: مغربی دہلی میں امریکہ اور کینیڈا کے لوگوں کو خدمات فراہم کرنے کے نام پر دھوکا دے کر رقم ہڑپنے والے ایک منظم سائبر جرائم کے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے 23 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ مغربی دہلی کے ڈپٹی کمشنر پولیس ہریشور سوامی نے صحافیوں کو بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر جمعرات کی رات سائبر پولیس اور اسپیشل اسٹاف نے تین مقامات پر چھاپے مارے۔
اس دوران ہری نگر اور کیرتی نگر میں چلائے جا رہے تین کال سینٹروں کا پردہ فاش کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپہ ماری کے دوران دو کاریں، 27 لیپ ٹاپ، 27 آئی فون اور کئی دیگر آلات برآمد کیے گئے۔ اس سلسلے میں دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ڈی سی پی کے مطابق ملزمان منظم طریقے سے یہ گروہ چلا رہے تھے اور تقریباً دو ماہ سے سرگرم تھے۔
وہ خدمات فراہم کرنے کے نام پر امریکہ اور کینیڈا کے لوگوں کو نشانہ بنا کر ان سے فراڈ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد کال سینٹروں میں کام کرتے تھے۔ پولیس اب یہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے کہ اس گروہ نے اب تک کتنے لوگوں کے ساتھ دھوکا دہی کی ہے۔