پوری دنیا کے ممالک کوون پلیٹ فارم کا استعمال کرسکیں گے: مودی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2021
وزیراعظم نریندر مودی
وزیراعظم نریندر مودی

 

 

 

  نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ کووڈ ٹیکہ کاری کے لئے تیار کئے گئے کوون پلیٹ فارم کو اوپن سورس بنایا جارہا ہے جس سے پوری دنیا کو اس کا فائدہ مل سکے مسٹر مودی نے پیر کو کوون ورلڈ کانفرنس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندستان نے پوری دنیا کو ہمیشہ ایک کنبہ کی طرح سمجھا ہے۔ اس وبا نے بھی متعدد لوگوں کو اس میں چھپی حقیقت کا احساس کرایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسے مدنظر رکھتے ہوئے اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کووڈ ٹیکہ کاری کے پلیٹ فارم کو اوپن سورس بنایا جانا چاہئے جس سے دنیا کا کوئی بھی ملک اس سے فائدہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہاکہ اس سمت میں کام کیا جارہاہے اور جلد ہی دنیا اس تکنالوجی کا فائدہ اٹھا سکے گی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے شروع میں وبا کی وجہ سے جان گنوانے والے لوگوں کو خراج عقیدت دیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سو برسوں میں اس سے پہلے کبھی اس طرح کی وبا کا دنیا نے سامنے نہیں کیا۔ تجربات سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ خواہ کوئی کتنا بھی طاقت ور ملک ہو وہ تنہا اس چیلنج سے نہیں نپٹ سکتا۔ اس وباکے شروع سے ہی ہندستان نے پورا تجربہ، مہارت اور وسائل عالمی برادری کے ساتھ شیئر کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ تمام سرحدوں کے باوجود ہندستان نے کووڈ۔ 19کے خلاف مہم میں تکنالوجی اور دیگر چیزیں تمام کے ساتھ جہاں تک ممکن شیئر کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہاکہ یہ اچھی بات ہے کہ سافٹ ویئر کے معاملہ میں کسی طرح کی حد نہیں ہے اس لئے ہم نے کووڈ کا پتہ لگانے اور متاثرہ شخص کے رابطوں کا پتہ لگانے سے متعلق ایپ کو جہاں تک ممکن ہو اوپن سورس بنا دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وبا سے لڑنے کے لئے ٹیکہ کاری امید کی سب سے بڑی کرن ہے۔ ہندستان نے شروع سے ہی اس سے نپٹنے کے لئے پوری طرح سے ڈیجیٹل نظریہ اختیار کیا اور ٹیکہ کاری سمیت ہماری تمام اسکیمیں اسی پر مبنی ہیں۔