آواز دی وائس۔نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ریاستوں اور اضلاع کے فیلڈ افسروں کے ذریعے عالمی وبا سے نمٹنے میں اُن کے تجربات کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کووڈ سے متاثر ہونے کے باوجود کئی عہدیدار عوام کی خدمت میں مسلسل مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی عہدیداروں نے کووڈ کی لہر کے دوران اپنے رشتے داروں کو کھودیا لیکن اِس کے باوجود انہوں نے اپنی خدمات جاری رکھیں۔ وزیر اعظم نے اضلاع کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وبا سے نمٹنے سے متعلق اپنے اختراعی طریقوں کے بارے اُنہیں بتائیں تاکہ اِن کامیاب ماڈلوں کو ملک میں دوسری جگہ بھی استعمال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر حصے میں الگ الگ مسائل ہیں اس لئے اُن کے الگ الگ حل کی ضرورت ہے۔۔
جناب مودی نے موثر طور پر معاملات کو حل کرنے کیلئے مقامی فیلڈ افسران کی ستائش کی۔ انہوں نے موثر بندوبست کی تکنیک کیلئے دیہی بھارت کی کوششوں کی بھی تعریب کی۔ ضلع افسران کو فیلڈ کمانڈر قرار دیتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ انہوں نے وبا کے اثرات کو کم کرنے کی خاطر گھیرابندی کی مقامی حکمت عملی کو موثر طور پر نافذ کرنے کو یقینی بنایا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ فیلڈ افسران کا کام، جس میں صفحہ اول کے ورکروں میں اعتماد پیدا کرنا اور ادویات اور طبی سازوسامان کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا شامل ہے، عالمی وبا کے خلاف لڑائی میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے ضلع حکام کو انفیکشن کی روک تھام کیلئے نئی حکمت عملی میں مرکز کی بلا رکاوٹ مدد کا بھی یقین دلایا۔
جناب مودی نے کہا کہ مرکز نے پچھلے سال سے ہر میٹنگ میں اِس بات کو دہرایا ہے کہ ایک زندگی بھی بچانا بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے اور دیہی علاقوں میں صحت کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق چیلنجوں کے درمیان ضلع عہدیداروں کو عوام تک پہنچنے کی بڑی ذمہ داری دی گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیر اعظم نے اِس بات پر زور دیا کہ گھیرابندی سے متعلق مقامی رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہیے کہ لوگوں کی معمول کی زندگی اور ضروری اشیا کی دستیابی پر اثر نہ پڑے۔ انہوں نے ریاستوں اور اضلاع کیلئے آکسیجن کی سپلائی اور استعمال کی مناسب نگرانی پر زور دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایم کیرس سے مختص کئے گئے فنڈ استعمال کرنے والے اضلاع میں آکسیجن پلانٹ قائم کرنے کا کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم جاری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کم سے کم ضیا کے ساتھ ویکسین کا۔ مناسب استعمال ملک کو وبا سے موثر طور پر اور تیزی کے ساتھ بحال ہونے کو یقینی بنائے گا۔
وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت میں افسران نے کووڈ انیس کے خلاف جاری لڑائی میں، خاص طور پر نیم شہری اور دیہی علاقوں کیلئے اپنے بہترین طریقہ کار کے بارے میں بتانے کے علاوہ کئی سفارشات اور مشورے بھی پیش کئے۔
اِس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر صحت کے علاوہ دلی، مدھیہ پردیش، کرناٹک، اتراکھنڈ کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی۔ ان کے علاوہ کرناٹک، بہار، آسام، چنڈی گڑھ، تمل ناڈو، اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش، گوا، ہماچل پردیش اور دلی کے افسران نے میٹنگ میں حصہ لیا۔