سی آر پی ایف میں لانس نائک اور نائک کے عہدے بحال کرنے پر غور

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2026
سی آر پی ایف میں لانس نائک اور نائک کے عہدے بحال کرنے پر غور
سی آر پی ایف میں لانس نائک اور نائک کے عہدے بحال کرنے پر غور

 



نئی دہلی: ملک کی سب سے بڑی نیم فوجی فورس، مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) ترقی میں تاخیر کے مسئلے کو دور کرنے اور فوج سے ریٹائر ہونے والے ’اگنی ویروں‘ کو کھپانے کے لیے 30 سال پہلے ختم کیے گئے لانس نائک اور نائک کے عہدے دوبارہ بحال کرنے پر غور کر رہی ہے۔

حکام نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ حکام نے پی ٹی آئی بھاشا کو بتایا کہ سی آر پی ایف کے مرکزی دفتر نے ملک بھر میں فورس کی سیکڑوں علاقائی اکائیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دو دن کے اندر متعلقہ فریقوں کے ساتھ میٹنگیں یا ’سینک سمیلن‘ منعقد کریں اور اس معاملے پر جوانوں کی رائے معلوم کریں۔ مرکزی ریزرو پولیس فورس میں لانس نائک اور نائک کے عہدے 1997 میں ختم کر دیے گئے تھے۔

وزارت داخلہ کے ایک حکم کے ذریعے ان عہدوں کو پولیس کے کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے عہدوں میں ضم کر دیا گیا تھا۔ تاہم، فوج میں یہ دونوں عہدے اب بھی موجود ہیں۔ عہدوں کی ترتیب کے مطابق، سی آر پی ایف میں کانسٹیبل کے طور پر بھرتی ہونے والے جوان کو پانچ سال بعد پہلی ترقی لانس نائک کے عہدے پر ملتی ہے۔ اس کے بعد 10 سال میں نائک اور پھر 20 سال میں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی جاتی ہے۔

فی الحال تقریباً 3.25 لاکھ اہلکاروں پر مشتمل سی آر پی ایف میں ترقی کے لیے جوانوں کو طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ایک کانسٹیبل کو پہلی ترقی ملنے میں اوسطاً 22 سے 25 سال لگ جاتے ہیں۔ ایک ہی عہدے پر طویل عرصے تک برقرار رہنے کی وجہ سے جوانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق، لانس نائک اور نائک کے عہدے دوبارہ شروع کرنے کا مقصد کانسٹیبلوں کو ہیڈ کانسٹیبل بننے سے پہلے ترقی کے دو اضافی مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس سے نہ صرف جوانوں کی شکایات دور کرنے میں مدد ملے گی، بلکہ ان کے حوصلے بھی بلند ہوں گے۔