نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعرات کو الزام لگایا کہ کانگریس سڑکوں پر احتجاج کے ذریعے ہندوستان میں ’’نیپال اور بنگلہ دیش جیسی بدامنی‘‘ پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے، کیونکہ راہل گاندھی اقتدار میں آنے کے لیے ’’بے چین‘‘ ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان پردیپ بھنڈاری نے بدھ کو اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے احتجاج کی کچھ ویڈیو فوٹیج دکھاتے ہوئے کہا کہ دہلی میں راہل گاندھی، ان کی بہن پرینکا گاندھی واڈرا اور کانگریس کارکنوں نے جس طرح پولیس اہلکاروں کے ساتھ دھکم پیل کی، اس سے پارٹی کی نیت واضح ہوجاتی ہے۔
انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، ’’کانگریس پارٹی کی حکمت عملی ہندوستان میں نیپال اور بنگلہ دیش جیسی بدامنی پھیلانے کی ہے۔‘‘ بھنڈاری نے کانگریس کے احتجاج کی مبینہ ویڈیو دکھاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کارکن پولیس اہلکاروں پر لات گھونسوں سے حملہ کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، لیکن کانگریس کے ایک کارکن نے اسے دھکا دیا اور پھر لات ماری۔ ایک اور ویڈیو دکھاتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار راہل گاندھی سے پُرامن احتجاج کرنے کی اپیل کر رہے تھے، کیونکہ ان کے ساتھ ’’ہزاروں لوگوں کی بھیڑ‘‘ موجود تھی۔
بھنڈاری نے یہ الزام بھی لگایا کہ راہل گاندھی نے ’’پولیس کے ساتھ ٹکراؤ کی ریل‘‘ بنانے کے ارادے سے ایک پولیس اہلکار کو دھکا دیا۔ انہوں نے کہا، ’’تیسری ویڈیو میں پرینکا واڈرا خود پولیس اہلکاروں کو دھکا دینے کی کوشش کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔‘‘ الیکشن کمیشن سے متعلق معاملے پر بھنڈاری نے کہا کہ یہ معاملہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور احتجاج کا عدالتی کارروائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا، ’’جب معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے ہے تو چاہے میں سڑک پر احتجاج کروں، کوئی اور کرے یا راہل گاندھی کریں، اس سے عدالت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘
‘ بھنڈاری نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی سمجھتے ہیں کہ ایسے مناظر کے ذریعے وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر دباؤ ڈال سکتے ہیں اور عدالتی عمل میں مداخلت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ہندوستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے ’’بین الاقوامی طاقتیں‘‘ راہل گاندھی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ بھنڈاری نے کہا، ’’ہندوستان کی جمہوریت زندہ، مضبوط اور محفوظ ہے اور ملک میں امن ہے۔
کیا کچھ بین الاقوامی طاقتیں اقتدار میں آنے کے لیے بے چین راہل گاندھی کے ساتھ مل کر ملک میں آگ لگا کر اور بدامنی پھیلا کر ان کے خاندان کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں؟‘‘ انہوں نے کہا، ’’ملک سب کچھ دیکھ رہا ہے۔ راہل گاندھی کا مقصد جمہوریت نہیں بلکہ خاندان ہے۔ ان کا مقصد ملک کا مفاد نہیں بلکہ ان طاقتوں کی حمایت کرنا ہے جو ملک میں آگ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘‘ راہل گاندھی اور اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے دیگر رہنماؤں نے بدھ کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ بعد میں شام کو پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا تھا اور کچھ دیر بعد رہا کردیا تھا۔