کانگریس نے100امیدواروں کے ناموں کی فہرست فائنل کی:پرینکا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 08-12-2021
کانگریس نے100امیدواروں کے ناموں کی فہرست فائنل کی:پرینکا
کانگریس نے100امیدواروں کے ناموں کی فہرست فائنل کی:پرینکا

 

 

لکھنؤ:کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو کہا کہ پارٹی نے اترپردیش کے انتخابات کے پیش نظر 100امیدواروں کے نام طے کرلئے ہیں ان میں 60خواتین شامل ہیں واڈرا نے یہاں کانگریس کے ریاستی دفتر میں اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کا پہلا خاتون انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے جانکاری دی۔

قابل ذکر ہے کہ واڈرا ، اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کی پارٹی کی انچارج بھی ہیں واڈرا نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے 40فیصدی ٹکٹ خواتین کو دینے کاعلان پہلے ہی کیا جاچکا تھا اس کے مثبت نتائج ملنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں کانگریس میں ابھی تک ٹکٹ دعویداروں میں خواتین تعداد مردوں کے مقابلے زیادہ ہے۔ واڈرا نے بتایا کہ ٹکٹ کے امیدواروں کے ملے درخواست میں سے اب تک 100سیٹوں پر پارٹی نے امیدوار طے کرلئے ہیں۔

ان میں 60خواتین اور 40مرد ہیں۔ آنے والے انتخابات میں خواتین کا ریزرویشن 40فیصدی سے بڑھا کر 50فیصدی کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ ان کا اشارہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں خواتین کو 50فیصدی سیٹوں پر امیدوار بنائے جانے کی جانب تھا۔

واڈرا نے کہا کہ پارٹی کے اس پہل سے یقینا دوسری سیاسی پارٹیوں پر بھی انتخابی سیاست میں خواتین کی شراکت کو بڑھانے کا دباؤ پڑے گا۔ سیاست میں خواتین کی شراکت کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’عزم مصمم، رحم دلی،ہمت وغیرہ خواتین کی صفات ہیں۔

ہم چاہتے ہیں کہ یہ صفات سیاست میں بھی پیدا ہوں جنکی ابھی انتہائی کمی ہے۔یہ صرف انتخابات کے وقت رسما نہ ہو۔ اس لئے ہم نے خواتین کو 40فیصدی ٹکٹ دئیے۔ خواتین کے لئے علیحدہ انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد دیگر طبقات کے لئے بھی کانگریس کے علیحدہ انتخابی منشور جاری کرنے کے سوال پر واڈرا نے کہا کہ جلد ہی ایک دوسراانتخاب منشور جاری کیا جائے گا۔

اس میں کسانوں سمیت دیگر سبھی طبقات کے لئے مستقبل کے ایکشن پلان کا انکشاف کیا جائے گا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے ذریعہ انتخاب آنے کے ساتھ ہی مندروں کے چکر لگانا شروع کرنے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے واڈرا نے کہا’ مجھے اپنی مذہبی عقیدے کے بارے میں یوگی سے تصدیق نامہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیا یوگی جی جانتے ہیں کہ میں 14سال کی عمر سے ’ورت‘رکھتی ہوں۔ (ایجنسی)