قانونی تحقیق میں اے آئی کے استعمال کے انکشاف سے متعلق سی ایل ای اے رہنما خطوط تیار کرے: چیف جسٹس آف انڈیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2026
قانونی تحقیق میں اے آئی کے استعمال کے انکشاف سے متعلق سی ایل ای اے رہنما خطوط تیار کرے: چیف جسٹس آف انڈیا
قانونی تحقیق میں اے آئی کے استعمال کے انکشاف سے متعلق سی ایل ای اے رہنما خطوط تیار کرے: چیف جسٹس آف انڈیا

 



حیدرآباد: چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت نے ہفتہ کے روز کامن ویلتھ لیگل ایجوکیشن ایسوسی ایشن (سی ایل ای اے) سے اپیل کی کہ وہ قانونی تحقیق میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد لیے جانے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے مثالی رہنما خطوط تیار کرے۔ جسٹس سوریہ کانت نے یہاں سی ایل ای اے کے ’قانونی تعلیم پر پہلے سالانہ بین الاقوامی کانفرنس 2026‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ گریجویشن کے لیے ہر طالب علم کے لیے قانونی امداد کے کام کی کم از کم مدت لازمی قرار دی جانی چاہیے۔ اس سے زیادہ کام کرنے والے طلبہ کو اضافی کریڈٹ دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا، ’’میں سی ایل ای اے سے اپیل کروں گا کہ وہ قانونی تحقیق میں اے آئی کی مدد لیے جانے کے بارے میں مثالی رہنما خطوط تیار کرنے کی پہل کرے، جنہیں دولت مشترکہ کے ممالک کے قانون کے تعلیمی ادارے اور جرائد اپنی ضروریات کے مطابق اپنا سکیں۔‘‘ جسٹس سوریہ کانت نے اے آئی کے دور میں تحقیق کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی بھی طالب علم کو محض کسی مشین کے کہنے پر بدعنوانی یا غیر اخلاقی طرز عمل کا قصوروار نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے، کیونکہ یہ دعویٰ کرنے والا سافٹ ویئر کہ کوئی مضمون طالب علم نے لکھا ہے یا مشین نے، کئی وجوہات کی بنا پر غلط بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ طلبہ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ اے آئی کے کن استعمالات کی اجازت ہے اور کن کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی جیسے ذرائع محققین کو مواد تلاش کرنے اور اسے منظم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں، لیکن ضروری نہیں کہ ان سے حاصل ہونے والے جوابات درست ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تکنیکی آلات کے استعمال میں یہ خامی بھی ہوسکتی ہے کہ وہ کسی فرضی قانونی اتھارٹی یا حوالہ کو مکمل طور پر قابل اعتماد ظاہر کرسکتے ہیں۔ چیف جسٹس کے مطابق اس کا حل اے آئی کے ذمہ دارانہ استعمال میں ہے، نہ کہ اسے بغیر سوچے سمجھے اپنا لینے یا مکمل طور پر اس پر پابندی عائد کرنے میں۔

انہوں نے کہا کہ محققین کو ہر ثبوت کی اس کے اصل ماخذ سے تصدیق کرنی چاہیے، کسی بھی اہم معاونت کے بارے میں معلومات فراہم کرنی چاہیے اور شائع کیے جانے والے مواد کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کسی اے آئی نظام کو مصنف کا درجہ نہیں دیا جاسکتا، کیونکہ اسے اپنے کام کے لیے جواب دہ نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد نے اس دیرینہ تصور کو چیلنج کردیا ہے کہ امتحانی جوابی کاپی یا تحقیقی مقالہ اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ طالب علم کو کیا معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اے آئی ٹیکنالوجی کسی عدالتی فیصلے کا خلاصہ پیش کرسکتی ہے، دلائل کے بارے میں تجاویز دے سکتی ہے اور چند منٹوں میں ایک بہترین جواب تیار کرسکتی ہے۔

جسٹس سوریہ کانت نے کہا، ’’لہٰذا اب سوال یہ نہیں ہے کہ طلبہ ان آلات کا استعمال کریں گے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ ان کے ذریعے جمع کرائے گئے کام میں ان کی اپنی استدلالی صلاحیت، سمجھ بوجھ اور قانون سے متعلق علم کی عکاسی ہوتی ہے یا نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی عدالتوں نے ایسے آلات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کے بجائے بنیادی طور پر ان کے استعمال کو منظم کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ سنگاپور کی سپریم کورٹ صارفین کو ایسے آلات استعمال کرنے کی اجازت دیتی ہے، لیکن جمع کرائے گئے مواد کی مکمل ذمہ داری متعلقہ صارف پر عائد ہوتی ہے۔