نئی دہلی: شمال مغربی دہلی کے پتم پورہ علاقے میں سوشل میڈیا پر ایک لڑکی کی پوسٹ پر کیے گئے تبصرے کے تنازع میں درگا مورتی وسرجن کے دوران نویں جماعت کے ایک طالب علم کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں چار نابالغ لڑکوں کو حراست میں لیا ہے۔ ایک افسر نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق، حراست میں لیے گئے چاروں لڑکے اسی علاقے کے رہنے والے ہیں۔
یہ واقعہ منگل کی شام پتم پورہ میں پیش آیا، جہاں مقامی لڑکوں کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر ارون اور اس کے دوست آشو پر حملہ کر دیا۔ ایک افسر نے بتایا کہ ارون کو بی ایس اے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ چاقو کے وار سے زخمی آشو کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ آشو کے مطابق، یہ واقعہ شام ساڑھے سات بجے اس وقت پیش آیا جب وہ دونوں درگا مورتی وسرجن کے جلوس میں شامل ہو رہے تھے۔
اس نے بتایا کہ ٹریفک جام کی وجہ سے وہ پیچھے رہ گیا تھا، تبھی کچھ لڑکے اس کے پاس آئے اور اس کی رانوں پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ آشو نے بتایا کہ وہ اپنی موٹر سائیکل وہیں چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن اسی دوران اس نے دیکھا کہ حملہ آور ارون پر بھی حملہ کر رہے ہیں۔ اس کے بیان کے مطابق، وہاں کم از کم چھ افراد موجود تھے، لیکن وہ ان میں سے صرف دو کی شناخت کر سکا۔
پولیس کے مطابق، اس جھگڑے کی وجہ تقریباً ایک سال پہلے انسٹاگرام پر ایک لڑکی کی پوسٹ پر کیا گیا تبصرہ تھا۔ ارون کے والد رکشہ چلاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا درگا مورتی وسرجن دیکھنے کے لیے گھر سے نکلا تھا۔ وہ اپنے کام میں مصروف تھے، اس لیے انہیں واقعے کی اطلاع بعد میں ملی۔ انہوں نے کہا، ’’پتم پورہ رام لیلا میدان کے قریب میرے بیٹے کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا۔ وہ وسرجن دیکھنے گیا تھا۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ملزم کون ہیں۔
ہمارا بیٹا بے قصور تھا۔‘‘ پولیس نے بتایا کہ ایف پی بلاک علاقے میں چاقو مارنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے واردات میں مبینہ طور پر استعمال کیا گیا خون آلود خنجر بھی برآمد کر لیا ہے۔ ایک افسر کے مطابق، موریہ انکلیو پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103(1) (قتل)، 109(1) (قتل کی کوشش) اور 3(5) (مشترکہ ارادہ) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔