کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
ملک کے شر پسند عناصر اور فرقہ پرست طاقتیں بنارس کی گیان واپی مسجد،متھرا کی عید گاہ سے لے کر سنبھل کی شاہی مسجد،دہلی کی جامع مسجد،بدایوں کی مسجد کے بعد اب اجمیر شریف کے خواجہ معین الدین اجمیری چشتی کی درگاہ کے اندر بھی مندر کی تلاش اور سروے کے دعوے نے ملک کے امن وامان اور اتحاد ویکجہتی،گنگا جمنی تہذیب متاثر کردیا ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار گرانڈ مفتی آف انڈیا اور جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ ابوبکر احمد نے آج یہاں کالی کٹ میں ایک پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔شیخ ابوبکر احمد نے کہاکہ اس طرح کے بے بنیاد دعوے سے ملک کا سیکولر تانا بانا خطر ہ میں پڑ سکتا ہے،شیخ ابوبکر احمد نے ارباب اقتدار اور منتظمین سمیت جمہوریت پسندوں پر زور دیا ہے کہ وہ عبادت گاہوں کی موجودہ حیثیت کے تحفظ اور تفرقہ انگیر فرقہ وارانہ نظریات کی مخالفت میں ایک موقف اختیار کریں۔
۔انہوں نے کہاکہ اجمیر درگاہ ہماری سماجی ہم آہنگی،اور قدیم ثقافت کی علامت کے ساتھ ساتھ ہندومسلم اتحاد کی شاندار مثال ہے،درگاہ کے اندر مندر ہونے کے بے بنیاد دعوے نے ہندوستان کے متنوع ورثے کو خطر ہ میں ڈال دیا ہے۔شیخ ابوبکر احمد نے عدالتی اداروں اور قانون ساز پینل سے عبادت کے خصوصی ایکٹ 1991کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ جس میں 1947تک کے مذہبی مقامات کواپنی حالت پر برقرار رکھنے کے احکامات دئے ہیں۔انہوں نے حالیہ اتر پردیش کے سنبھل میں بد امنی جیسے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر احتیاط سے کام نہیں لیا گیا تو فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھے گی،جس سے قوم کا اتحاد ٹوٹے گا۔انہوں نے ہندوستان کے تمام اسٹیک ہولڈر،سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی،اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سبھی مذہبی اداروں کی حفاظت اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر ہندوستان کے سیکولر اخلاقیات اور اتحاد کو برقرار رکھیں۔