چیف جسٹس سوریہ کانت کا قانونی پیشے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے پر زور

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2026
چیف جسٹس سوریہ کانت کا قانونی پیشے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے پر زور
چیف جسٹس سوریہ کانت کا قانونی پیشے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے پر زور

 



نئی دہلی: ہندوستان کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے قانونی پیشے میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیتے ہوئے سینئر وکلا سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے چیمبروں میں کم از کم ایک تہائی جونیئر وکلا خواتین کو رکھیں۔ انہوں نے پینل وکلا کی تقرری میں بھی خواتین کو زیادہ مواقع دینے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ وکلا کی برادری میں ان کی شرکت اور نمائندگی مضبوط ہو سکے۔

چیف جسٹس نے بدھ کو یہاں سیری فورٹ اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ شریمتی ششی پربھا سنگھ میموریل ایوارڈ تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ ایوارڈ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور سینئر وکیل وکاس سنگھ کی مرحومہ والدہ کی یاد میں شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت 4 نوجوان خواتین وکلا کو مقدمات میں ان کی صلاحیت اور خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔

اس پہل کا مقصد خواتین وکلا کو اپنے قانونی پیشے میں آگے بڑھنے کے لیے مالی مدد فراہم کرنا بھی ہے۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ مونیکا دھیمان کو ’نیائے پربھا رتن‘ ایوارڈ دیا گیا، جب کہ ہما انجم اور پریانشی کماری کو مشترکہ طور پر ’نیائے پربھا گورو‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایڈوکیٹ کوانا راؤ کو ’نیائے پربھا سمان‘ پیش کیا گیا۔ تقریب سے پہلے ایک یادگاری کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا گیا، جس میں سپریم کورٹ اور دہلی ہائی کورٹ کے وکلا کے علاوہ صحافیوں نے بھی حصہ لیا۔

معروف سابق کرکٹر کپل دیو تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ انہوں نے چیف جسٹس کے ساتھ مل کر ایوارڈ یافتگان کو اعزازات پیش کیے۔ چیف جسٹس الیون اور سپریم کورٹ میڈیا الیون کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ میں سپریم کورٹ کے کئی موجودہ ججوں نے چیف جسٹس الیون کی جانب سے حصہ لیا۔

ان میں جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس ایم ایم سندریش، جسٹس دیپانکر دتا، جسٹس آگسٹین جارج مسیح، جسٹس سندیپ مہتا، جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس اپریش کمار سنگھ شامل تھے۔ دہلی ہائی کورٹ کے ججوں نے بھی اس میچ میں حصہ لیا۔ سپریم کورٹ میڈیا الیون کے سُمِت کو بہترین گیند باز اور شاشوت کو بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔