نئی دہلی: چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے ہفتہ کے روز سپریم کورٹ کے سبکدوش ہونے والے جج جسٹس ستیش چندر شرما کو جذباتی انداز میں الوداع کہتے ہوئے ان کی عدالتی خدمات کے ساتھ ساتھ خوش مزاجی، اپنائیت اور حسِ مزاح کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شرما نے اپنے عدالتی فیصلوں اور عہدوں کے ذریعے ہی نہیں بلکہ اپنے خوشگوار رویے اور ساتھیوں کے ساتھ محبت بھرے تعلقات سے بھی اس ادارے کو مالا مال کیا ہے۔خصوصی رسمی بنچ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ کسی ادارے میں جج کا کردار صرف ان کے فیصلوں یا عہدوں سے ظاہر نہیں ہوتا بلکہ اس بات سے بھی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بنچ میں کس طرح کا رویہ رکھتے ہیں، اپنے ساتھیوں کے ساتھ کیسے تعلقات قائم کرتے ہیں اور ادارے سے وابستہ تمام افراد کے ساتھ ان کا برتاؤ کیسا ہے
اس خصوصی رسمی بنچ میں چیف جسٹس سوریہ کانت کے ساتھ جسٹس ستیش چندر شرما، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے جسٹس شرما کو ایک تجربہ کار اور صاحب علم جج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت زندہ دل ہے اور ان میں حسِ مزاح بھی غیر معمولی ہے۔ انہوں نے عدالتی کام کے دباؤ کے باوجود ہمیشہ خوش رہنے کی جسٹس شرما کی صلاحیت کی تعریف کی۔ جسٹس شرما کے عدالتی سفر کا ذکر کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ انہیں صرف 42 سال کی عمر میں سینئر ایڈووکیٹ نامزد کیا گیا تھا، جو ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری 2008 میں جسٹس شرما کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ بعد میں انہوں نے کرناٹک ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اس کے بعد تلنگانہ اور دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت نے دہلی ہائی کورٹ میں جسٹس شرما کی جانب سے معذور افراد کے لیے قانونی تحفظات نافذ کرنے کی سمت میں کیے گئے کام کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شرما کا مؤقف تھا کہ مساوات کے آئینی وعدے کو حقیقی اور مساوی مواقع میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔
جسٹس ستیش چندر شرما نے اپنے الوداعی خطاب میں امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ قانون کے وقار کو برقرار رکھے گی، شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور انصاف کی فراہمی کے نظام پر لوگوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنائے گی۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ عدالت کو جسٹس شرما کی دو چیزوں کی خاص طور پر کمی محسوس ہوگی۔ ایک ان کی مسکراہٹ اور دوسری وہ عبارت جو وہ خصوصی چھٹی کی درخواست مسترد کرتے وقت درخواست گزار فریق سے کہتے تھے، ’’آئی ایم سو سوری‘‘ یعنی ’’مجھے بہت افسوس ہے۔‘
‘ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر پردیپ رائے نے کہا کہ جسٹس شرما اپنی مسکراہٹ، شائستگی اور نوجوان وکلا کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ جسٹس ستیش چندر شرما کی پیدائش 30 نومبر 1961 کو بھوپال میں ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے عدالتی کیریئر کا آغاز جبل پور میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے وکیل کی حیثیت سے کیا، جہاں وہ آئینی، سروس، دیوانی اور فوجداری مقدمات کی پیروی کرتے تھے۔ انہیں 28 مئی 1993 کو ایڈیشنل سینٹرل گورنمنٹ کونسل مقرر کیا گیا، جبکہ 28 جون 2004 کو حکومت ہند کے سینئر وکلا کے پینل میں شامل کیا گیا۔
سال 2003 میں 42 سال کی عمر میں انہیں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں سینئر ایڈووکیٹ نامزد کیا گیا۔ 18 جنوری 2008 کو انہیں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا اور 15 جنوری 2010 کو مستقل جج بنایا گیا۔ جسٹس ستیش چندر شرما 9 نومبر 2023 کو سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے اور 29 نومبر 2026 کو سبکدوش ہوں گے۔