دہرادون: محکمہ موسمیات کی جانب سے اتراکھنڈ کے بیشتر اضلاع میں بارش کے لیے ’ریڈ‘ اور ’اورنج‘ الرٹ جاری کیے جانے کے بعد حکام نے ہفتہ اور اتوار کو چار دھام یاترا معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گڑھوال کے کمشنر آنند سوروپ نے اس سلسلے میں تمام ضلع مجسٹریٹوں کو خط جاری کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی اور ملک و بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہفتہ کی دوپہر سے اتوار تک چار دھام یاترا معطل رہے گی۔ یہ فیصلہ شدید بارش کے ’ریڈ الرٹ‘ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ کمشنر نے تمام ضلع مجسٹریٹوں کو اپنے اپنے اضلاع میں اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ موسم کے حالات معمول پر آنے کے بعد یاترا دوبارہ شروع کردی جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے 26 اور 27 ستمبر کے لیے اتراکھنڈ کے مختلف اضلاع میں بارش کے ’ریڈ‘ اور ’اورنج‘ الرٹ جاری کیے ہیں۔ ہفتہ کے لیے پانچ اضلاع باگیشور، پِتھورا گڑھ، چمپاوت، نینی تال اور ادھم سنگھ نگر میں شدید بارش کا ’ریڈ الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔
پانچ دیگر اضلاع دہرادون، پوڑی، رودرپریاگ، چمولی اور الموڑہ میں ’اورنج الرٹ‘ جبکہ باقی تین اضلاع ہری دوار، اترکاشی اور ٹہری میں ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح اتوار کے لیے چار اضلاع دہرادون، ٹہری، پوڑی اور ہری دوار میں ’ریڈ الرٹ‘، چار دیگر اضلاع اترکاشی، چمولی، نینی تال اور رودرپریاگ میں ’اورنج الرٹ‘ جبکہ باقی پانچ اضلاع باگیشور، الموڑہ، چمپاوت، ادھم سنگھ نگر اور پِتھورا گڑھ میں ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔