پٹنہ: پٹنہ ہائی کورٹ نے مشہور گلوکار اور اداکار کشور کمار کی سوانح عمری کو سنیما پر بہترین کتاب کا قومی ایوارڈ دیے جانے کو چیلنج کرنے والی عرضی پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ جسٹس اجیت کمار کی یک رکنی بنچ نے جمعرات کو مرکزی حکومت کو اس معاملے میں تین ہفتے کے اندر جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔
عدالت نے اگلی سماعت کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یہ عرضی اننت پرساد سنہا ’اننت‘ نے دائر کی ہے۔ انہوں نے 2024 میں ’کشور کمار: دی الٹی میٹ بایوگرافی‘ کو دیے گئے قومی ایوارڈ کو چیلنج کیا ہے۔ عرضی گزار کا کہنا ہے کہ ان کی کتاب ’دو گل فاموں کی تیسری قسم‘ اس ایوارڈ کے لیے زیادہ موزوں تھی۔
عرضی گزار نے دعویٰ کیا کہ عدالت سے رجوع کرنے سے پہلے انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ سوانح عمری کو ایوارڈ کے لیے منتخب کرنا ہندوستان کے گزٹ میں شائع وزارت کی اپنی رہنما ہدایات کی ’’خلاف ورزی‘‘ ہے۔