ہائی کورٹ کو جھوٹی رپورٹ دینے پر لیکھ پال کے خلاف مقدمہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
ہائی کورٹ کو جھوٹی رپورٹ دینے پر لیکھ پال کے خلاف مقدمہ
ہائی کورٹ کو جھوٹی رپورٹ دینے پر لیکھ پال کے خلاف مقدمہ

 



پرتاپ گڑھ (اتر پردیش): اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع میں سرکاری زمین پر مبینہ قبضے سے متعلق ایک معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کو جھوٹی رپورٹ بھیجنے کے الزام میں ایک لیکھ پال کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایسٹ) آلوک کمار نے بتایا کہ شہر کوتوالی علاقے کے شری کانت کا پوروا-سرائے ساگر علاقے میں تعینات لیکھ پال رام سنگھ کے خلاف منگل کی دیر رات مقدمہ درج کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ صدر تحصیل کے رہنے والے اشوک مشرا نے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کا الزام لگاتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ عدالت نے اس معاملے میں ضلع انتظامیہ سے جواب اور جانچ رپورٹ طلب کی تھی۔ عدالت کی ہدایت پر لیکھ پال رام سنگھ کو معاملے کی جانچ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

اس کے بعد 13 اگست کو ان کی رپورٹ ہائی کورٹ کو بھیجی گئی۔ پولیس افسر کے مطابق، ہائی کورٹ نے رپورٹ پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے معاملے کی دوبارہ جانچ کا حکم دیا۔ بعد میں انتظامیہ کی جانب سے کی گئی جانچ میں لیکھ پال رام سنگھ کی رپورٹ غلط پائی گئی۔ اس کے بعد نائب تحصیلدار چندن لال رانا کی شکایت پر لیکھ پال کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔