چھپرا:گھر میں بم پھٹا، 6 افراد ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
چھپرا:گھر میں بم پھٹا، 6  افراد ہلاک
چھپرا:گھر میں بم پھٹا، 6 افراد ہلاک

 

 

چھپرا: بہار کے چھپرا کے کھیر تھانہ علاقے کے خدائی باغ گاؤں میں بم دھماکہ ہوا ہے۔ اس واقعے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ ملبے تلے کچھ لوگوں کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے جس کی وجہ سے راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جس جگہ یہ دھماکے ہوئے، وہاں پٹاخے بنانے کا کام کیا جاتا تھا۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ سارن کے ایس پی سنتوش کمار نے واقعہ کے بارے میں بتایا ہے کہ چھپرا میں ایک مکان گرنے سے چھ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔

ایس پی سنتوش کمار نے یہ بھی بتایا کہ ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ فرانزک ٹیم اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق دھماکا تھانہ کھیرہ کے گاؤں خدائی باغ میں ریاض میاں کے گھر میں ہوا، جہاں بھاری مقدار میں پٹاخے رکھے گئے تھے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ریاض میاں پٹاخوں کا کاروبار کرنے والا ہے جو مبینہ طور پر شادیوں کے دوران غیر قانونی طور پر پٹاخے فروخت کرتا تھا۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ ریاض کا گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ قریبی چھ سے زائد گھروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو چھپرا کے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔