ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کی والدہ کرشنا مکھرجی کا منگل کی دوپہر 75 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ خاندان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جارہی ہے کہ رانی مکھرجی کی والدہ محترمہ کرشنا مکھرجی کا آج دوپہر انتقال ہوگیا۔
خاندان نے بیان میں کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں لوگوں کی محبت، دعاؤں اور تعاون کے لیے شکر گزار ہیں اور سب سے احترام کے ساتھ اپیل کی کہ خاندان کی نجی زندگی کا خیال رکھا جائے۔ خاندان کی جانب سے کرشنا مکھرجی کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
کرشنا مکھرجی کی شادی فلم ساز رام مکھرجی سے ہوئی تھی، جو فلمالیا اسٹوڈیوز کے شریک بانی تھے۔ رام مکھرجی کا 2017 میں انتقال ہوگیا تھا۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں، اداکارہ رانی مکھرجی اور فلم پروڈیوسر راجا مکھرجی۔ کرشنا مکھرجی کا تعلق بنگالی فلم انڈسٹری سے بھی رہا اور وہ پلے بیک گلوکارہ کے طور پر کام کرتی تھیں۔ ان کے نمایاں کاموں میں 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیسری آنکھ‘ کا گانا ’عید کے دن گلے مل لے راجا‘ بھی شامل ہے۔