نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی یوتھ ونگ، بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) نے تنظیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نئے عہدیداروں کی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ اس نئی ٹیم کی قیادت رکن پارلیمنٹ ہیمانگ جوشی کر رہے ہیں، جنہوں نے اگست میں یووا مورچہ کے صدر کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔
جموں و کشمیر کے کشتواڑ سے رکن اسمبلی شگون پریہار، ناگالینڈ کے اروند دامانی، تلنگانہ کے مالوتھ کومالی نائک، بہار کے راج راجندر سنگھ، مغربی بنگال کے بھٹار سے رکن اسمبلی سومین کارفا اور چھتیس گڑھ کے بھوپیندر ناگ کو نائب صدور مقرر کیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر نکھل منی تیواری کو بھی نائب صدر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جب کہ بی جے پی نے وینیت واتس تیاگی کو قومی خزانچی مقرر کیا ہے۔
اوڈیشہ کی ارپیتا اپراجیتا بدجینا، اتر پردیش کے ہرش وردھن سنگھ اور آندھرا پردیش کے متّا وامشی کرشنا کو قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
نئے قومی سکریٹریوں میں آسام کے بسواجیت کھاؤنڈ، مدھیہ پردیش کے آشیش جھالا، مہاراشٹر کی سائیلی رگھوناتھ کلکرنی، راجستھان کے ہمانشو شرما، پنجاب کے سردار ارمان جوت برار، جھارکھنڈ کے امن یادو اور بہار کے راہل جھا شامل ہیں۔
بی جے پی کی گجرات آئی ٹی ٹیم کے رکن دھرو پنڈت کو مرکزی دفتر کا انچارج مقرر کیا گیا ہے، جب کہ دہلی کے موہت سونی کو مرکزی دفتر کا شریک انچارج بنایا گیا ہے۔
تلنگانہ کی سشری اَخیلا بندم کو پالیسی اور تحقیق کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
یہ اعلان 2027 میں ہونے والے متعدد ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل کیا گیا ہے۔ اگلے سال گوا، اتر پردیش، پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور گجرات میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔
واضح رہے کہ اگست میں وڈودرا سے رکن پارلیمنٹ ہیمانگ جوشی کو بی جے پی کی یوتھ ونگ کی قیادت سونپی گئی تھی۔ وہ 2024 میں 33 برس کی عمر میں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے، جس کے باعث وہ گجرات کے کم عمر ترین موجودہ ارکان پارلیمنٹ میں شامل ہیں۔
بی جے پی کے مطابق ہیمانگ جوشی اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) سے سرگرم طور پر وابستہ رہے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے تنظیم میں مختلف ذمہ داریاں نبھائیں اور زمینی سطح پر کام جاری رکھا، جس کے بعد انہیں بی جے وائی ایم گجرات کا ریاستی صدر مقرر کیا گیا۔