پٹنہ،: بہار حکومت نے ریاست میں کام کرنے والے بینکوں کی کارکردگی جانچنے اور ان کی درجہ بندی کرنے کے لیے پہلی بار 100 نمبروں پر مشتمل کارکردگی اشاریہ متعارف کرایا ہے۔ ایک سینئر افسر نے ہفتے کو یہ اطلاع دی۔ ریاست کے ڈیولپمنٹ کمشنر میہر کمار سنگھ نے بتایا کہ فی الحال آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک 74 نمبروں کے ساتھ فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔ ریاست کے محکمہ مالیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، بینکوں کو حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سبز زمرے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 11 بینک شامل ہیں، جنہوں نے 50 یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں۔ سات بینک زرد زمرے میں ہیں، جبکہ کئی دیگر بینک سرخ زمرے میں رکھے گئے ہیں۔
سرخ زمرے میں سرکردہ سرکاری بینک بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق، بہار نے مالی سال 2026-27 کے لیے سالانہ قرضہ منصوبے کے تحت 4.95 لاکھ کروڑ روپے قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ 30 ستمبر تک بینکوں نے 1.89 لاکھ کروڑ روپے کے قرض تقسیم کیے، جو مقررہ ہدف کا 38.25 فیصد ہے۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اس بار قرض کی تقسیم میں 46,228.29 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ مالیات کے بیان کے مطابق، مائیکرو، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کے شعبے میں مقررہ ہدف کا 52.68 فیصد حاصل کیا گیا ہے۔
اس شعبے کے لیے 1.59 لاکھ کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں 84,091.21 کروڑ روپے کے قرض فراہم کیے گئے۔ زراعت کے شعبے میں 43,967.17 کروڑ روپے کے قرض تقسیم کیے گئے، جو مقررہ ہدف کا 28 فیصد ہے۔ پٹنہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں میہر کمار سنگھ نے بینکوں کو ہدایت دی کہ وہ سالانہ قرضہ منصوبے کے اہداف حاصل کرنے کے لیے مشن کے انداز میں کام کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہار میں جمع ہونے والی رقوم کو ریاست کی ترقی کے لیے دوبارہ سرمایہ کاری کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں محکمہ مالیات کے سینئر افسران، ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی اور سرکاری و نجی شعبے کے بینکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔