پٹنہ: بہار کے چیف سکریٹری پرتیہ امرت نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی ہے کہ دیوالی اور چھٹھ سے پہلے ملازمین کی زیر التوا تنخواہیں جاری کردی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کے دوران کسی بھی ملازم کو تنخواہ ملنے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ چیف سکریٹری نے ادائیگی میں تاخیر کرنے والے محکموں کو خبردار کرتے ہوئے بقایا رقم جاری کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ جمعہ کو تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں (ڈی ایم) اور پولیس سپرنٹنڈنٹوں (ایس پی) کے ساتھ آن لائن منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں امرت نے تعلیم، صحت، دیہی ترقی، داخلہ اور محصولات و اراضی اصلاحات سمیت کئی محکموں میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی او) اور ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی کہ زیر التوا تنخواہوں کی ادائیگی جلد یقینی بنائیں۔ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے لیے محکموں سے ضرورت پڑنے پر ہفتے کے روز بھی دفاتر کھلے رکھنے کو کہا گیا ہے۔ امرت نے کام کے طور طریقوں میں بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ نظام کو بہتر اور ہموار بنانے کے لیے ضرورت پڑنے پر اضافی کوششیں کی جانی چاہئیں۔ دریں اثنا، ریاستی حکومت نے چھٹھ مہاپرو کے موقع پر 10 سے 16 نومبر تک پورے بہار میں بیداری مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت روایتی لوک گیتوں، تشہیری نغموں اور استقبالیہ دروازوں کے ذریعے اس عظیم تہوار کی شان و شوکت کو اجاگر کیا جائے گا۔ مہم کے تحت ریلوے اسٹیشنوں، بس ٹرمینلوں، ہوائی اڈوں اور پٹنہ میٹرو میں چھٹھ کے روایتی گیت اور تشہیری نغمے نشر کیے جائیں گے۔
ان مقامات پر چھٹھ مہاپرو سے متعلق پوسٹر بھی لگائے جائیں گے۔ سکریٹریٹ کے دفاتر میں مرکزی اعلان کے نظام کے ذریعے روزانہ دوپہر 1 سے 2 بجے تک چھٹھ کے گیت نشر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اہم سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر تشہیری نغمے بھی بجائے جائیں گے۔ حکومت تمام 18 سرحدی اضلاع کے داخلی راستوں اور دیگر اضلاع کی اہم گزرگاہوں پر خوبصورت ’چھٹھ استقبالیہ دروازے‘ بھی تعمیر کرے گی۔