نئی دہلی، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو شار دیہ نوراتری کے موقع پر قومی راجدھانی کے مختلف سرکاری اسکولوں میں نویں جماعت کی 1400 طالبات کے درمیان سائیکلیں تقسیم کیں۔ حکام کے مطابق، وزیر اعلیٰ نے یہاں شالیمار باغ میں واقع ’سی ایم شری‘ اسکول میں کنیا پوجن کیا اور اس کے بعد طالبات میں سائیکلیں تقسیم کیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کنیا پوجن محض ایک مذہبی روایت نہیں، بلکہ یہ بیٹیوں کے تئیں احترام، مساوات اور ان کی اہمیت کو تسلیم کرنے کا پیغام بھی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستانی ثقافت میں بیٹیوں کو طاقت، علم، ہمدردی اور خوش حالی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ کنیا پوجن کی حقیقی روح اسی وقت بامعنی ہو سکتی ہے، جب معاشرہ بیٹیوں کو عزت دینے کے ساتھ انہیں تعلیم، تحفظ، خود اعتمادی اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع بھی فراہم کرے۔‘‘
بیٹیوں کو خاندان کا فخر اور معاشرے و ملک کے مستقبل کی بنیاد قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے اور انہیں خود کفیل بنانے کے لیے خاندان، اسکول اور معاشرے کو مل کر کوشش کرنی چاہیے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، ’ودیا واہنی‘ اسکیم کے تحت اب تک دہلی میں نویں جماعت میں زیر تعلیم 28 ہزار طالبات کو سائیکلیں تقسیم کی جا چکی ہیں۔ حکومت کا ہدف مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ سائیکلیں تقسیم کرنا ہے۔