کولکاتا: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے درگا پوجا کے ’پری ویو شو‘ منعقد کرنے اور پاس فروخت کرنے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ کے سلسلے میں منگل کو مغربی بنگال کے سابق وزیر اندرنیل سین اور دیگر ملزمان سے وابستہ 15 ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔
حکام نے یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت یہ کارروائی علی الصبح شروع کی گئی اور کولکاتا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں واقع ٹھکانوں پر تلاشی لی گئی۔ جانچ کا مرکز مہانروان روڈ ماس آرٹ سوسائٹی (ماس آرٹ) رہی، جس کی سربراہ اندرنیل سین کی اہلیہ ہیں۔ یہ ادارہ زائرین کے لیے درگا پوجا کے ’پری ویو شو‘ منعقد کرتا رہا ہے۔ الزام ہے کہ ’پری ویو‘ پروگراموں اور پاس کے ذریعے بڑی رقم جمع کی گئی۔
ای ڈی یہ جانچ کر رہی ہے کہ آیا اس رقم کا کوئی حصہ ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی ادارے کی ملکیت اور انتظام، مالی لین دین اور بااثر افراد کے ساتھ ممکنہ تعلقات کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق، تفتیش کار اس الزام کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ ’پری ویو شو‘ کے ذریعے تقریباً 50 سے 60 کروڑ روپے جمع کیے گئے تھے۔ یہ معاملہ جون میں سامنے آیا تھا۔ سال 2021 میں یونیسکو نے کولکاتا کی درگا پوجا کو غیر مادی ثقافتی ورثے کا درجہ دیا تھا۔ اندرنیل سین اس سے قبل خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر چکے ہیں۔ ماس آرٹ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔