کولکاتا: مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے میونسپلٹی بھرتی گھوٹالے کے سلسلے میں مغربی بنگال کے سابق وزیر برائے فائر سروس سجیت بوس سے ہفتہ کے روز پوچھ گچھ کی۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے ایک سینئر افسر نے یہ اطلاع دی۔ بوس فی الحال پریزیڈنسی اصلاحی مرکز (جیل) میں بند ہیں۔
افسر نے بتایا کہ سی بی آئی حکام کی ایک ٹیم جیل پہنچی اور بوس سے تقریباً تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ انہوں نے کہا، ’’پوچھ گچھ بنیادی طور پر جنوبی دم دم میونسپلٹی میں بھرتی کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں میں بوس کے کردار پر مرکوز تھی۔
‘‘ مغربی بنگال میں سابقہ حکومت کے دور اقتدار کے دوران میونسپلٹیوں میں بھرتی کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، دونوں ایجنسیاں کر رہی ہیں۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے فوراً بعد مئی میں ای ڈی نے بوس کو گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی اس سے پہلے اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کرچکی ہے، تاہم اس میں بوس کا نام شامل نہیں کیا گیا تھا۔