اشفاق احمد : خوفناک جنگلی جانوروں کا جگری دوست

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-02-2022
اشفاق احمد : خوفناک جنگلی جانوروں کا جگری دوست
اشفاق احمد : خوفناک جنگلی جانوروں کا جگری دوست

 

 

شیخ محمد یونس، حیدرآباد

شیر،ببر اور چیتا کے ساتھ وقت گذاری کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا ہے تاہم حیدرآبادی نوجوان اشفاق احمد خطرناک جنگلی جانوروں کے ساتھ اس طرح رہتے ہیں کہ گویا یہ پالتو جانور ہیں، ان کو دیکھ کر ہر کوئی  حیرت زدہ اورانگشت بدنداں ہوجاتا ہے۔

یہ کہانی نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ اشفاق احمد اور شیر،ببر،چیتامیں اس قدرمحبت ہے کہ وہ ایک دوسرے سے مانوس ہیں،ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہیں،کھاتے اور پیتے بھی ہیں۔ اشفاق احمد سعودی عرب میں کئی شیر،ببر کے مالک ہیں۔

انہوں نے جنگلی جانوروں کو بہترین انداز میں تربیت دی۔بچپن ہی سے انہیں خوفناک جانوروں سے کافی لگاوتھا۔یہی لگاو ان کو دیارغیر، خلیجی ملک لے گیا کیونکہ مادر وطن میں انہیں پابندیوں کے سبب اپنے جنون اور شوق کو پوراکرنے میں رکاوٹیں حائل تھیں۔ان کا یہ خواب پٹرول کی دولت سے مالامال اس مملکت میں شرمندہ تعبیر ہوا۔

awazurdu

خطروں کے کھلاڑی ہیں اشفاق


اشفاق احمد بچپن ہی سے کافی ذہین واقع ہوئے ہیں۔ انہوں نے میٹھیڈس اسکول عابڈس سے ایس ایس سی کی تکمیل کی اور وکاس جونیئر کالج سے انٹرمیڈیٹ کامیاب کیا ۔میرٹھ سے فاصلاتی طرز میں بی ایس سی کمپیوٹر کی تکمیل کی ۔ بعد ازاں ٹیلی کام آ ئی ٹی انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ۔ان کے والد محمد یوسف مرحوم بی ایس این ایل میں ملازم تھے۔

ان کے مکان میں میں گھوڑے، اعلی قسم کی بکریاں اور مرغیاں موجود تھیں۔ تاہم بچپن ہی سےاشفاق احمد کو جنگلی جانوروں کو پالنے کا شوق جنون کی حد تک تھا۔ہندوستان میں جنگلی جانوروں کو پالنے کی اجازت نہ ہونے کے باعث ان کا خواب خواب ہی رہا لیکن جہاں جستجو، شوق اور جنون ہوتا ہے وہاں راہیں خود بخود نکل جاتی ہیں ۔ اشفاق احمد تلاش معاش کی غرض سے سعودی عرب روانہ ہوئے اور آئی ٹی کمپنی میں ملازمت اختیار کی۔ 

اس دوران ان کی ملاقات چند سعودی نوجوانوں سے ہوئی جو جنگلی جانوروں کو پالنے کا شوق رکھتے تھے ۔ پھر کیا تھااشفاق احمد نے اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا اور جنگلی جانوروں کو پالنے کے اپنے شوق وجنون کو پورا کیا۔

اشفاق احمد کے گروپ کا نام رائل وائیلڈ انیمل کنگڈم(Royal wild animal kingdom) ہے۔ اس گروپ کا طائف میں حدیقۃ الحیوانات کے نام سے ایک خانگی زو ہے ۔اشفاق احمد 6شیر،ایک چیتا اور ایک ببر کے مالک ہیں۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے جنگلی جانوروں کو ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ اس گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف مقامات مکہ شریف ، مدینہ منورہ اور ریاض میں نمائش کا بھی انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے ۔

awazurdu

دوستانہ : شیر کے ساتھ  اشفاق 


اشفاق احمد نے نمائندہ آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تمام شیر، ببر اور چیتا تربیت یافتہ ہیں۔ وہ غیر ضروری کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچاتے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شیر کی قیمت کم از کم دو لاکھ ریال ہے تاہم جنون اور شوق کے سامنے نے یہ قیمت کوئی معنی نہیں رکھتی۔انہوں نے بتایا کہ وہ شیر ببر اور چیتا کے ساتھ روزانہ کئی گھنٹے گزارتے ہیں۔ بعض اوقات وہ ایک ہی کمرے میں ان کے ساتھ کافی دیر تک رہتے ہیں۔ اشفاق احمد نے بتایا کہ جانور بھی آپ کی بات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ Respect ,Trustاور Bounding تین اصول ہیں جس کے تحت وہ کام کرتے ہیں ۔ وہ جانوروں کا خیال رکھتے ہیں اور جانور بھی ان کا ہر طرح سے خیال رکھتے ہیں۔ اشفاق احمد نے بتایا کہ جانوروں کے موڈ کو سمجھنے کی اللہ تعالی نے انہیں صلاحیت دی ہے ان کی صلاحیت خداداد ہے وہ کسی سے بھی اس سلسلے میں تربیت حاصل نہیں کیے ہیں۔

awazurdu

اشفاق احمد کا دوستانہ 


اشفاق احمد نے بتایا کہ وہ جانوروں کو ٹرینڈکرنے کے لیے ادویہ کا استعمال نہیں کرتے۔وہ بلا کسی خوف و خطر کے جانوروں کو اپنے ہاتھوں سے نہلاتے ہیں اور اپنے ہاتھ سے کھانا کھلاتے ہیں۔ ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور ان کی غلاظت بھی صاف کرتے ہیں۔ اشفاق احمد نے کہا کہ محنت اور جستجو کے ذریعے نوجوان اپنے خوابوں کو شرمندہ ءتعبیر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں کو پالنے کا شوق انہیں جنون کی حد تک تھا۔

انہوں نے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے سخت محنت کی۔ اشفاق احمد نے بتایا کہ کوئی بھی کام مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن ناممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایک مقصد کے ساتھ آگے بڑھیں تا کہ کامیابی ان کا مقدر بن سکے ۔