رہائی کے بعد آریان خان پہلی بار منظرِ عام پر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-11-2021
رہائی کے بعد آریان خان پہلی بار منظرِ عام پر
رہائی کے بعد آریان خان پہلی بار منظرِ عام پر

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

 کروزڈرگ کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پہلی بار منظرِ عام پر آگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آریان خان آج نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سامنے پیش ہوئے جوکہ اُن کی ضمانت کی شرائط میں سے ایک شرط تھی کہ اُنہیں ہر جمعے کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہے۔

آریان خان کی این سی بی آفس پیش ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں آریان کو صحافیوں اور پاپرازیوں کے لیے رُکے بغیر این سی بی کے دفتر جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میڈیا کے نمائندے آریان خان سے بات چیت کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ سب کو نظر انداز کرتے ہوئے این سی بی کے دفتر میں چلے جاتے ہیں۔

 

آریان خان کی ضمانت پر رہائی کے بعد، یہ پہلا موقع ہے کہ جب وہ میڈیا کے سامنے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔

اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔