پوچھ گچھ کے دوران کئی بار رو پڑے تھے آریان خان۔ سابق افسر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2026
 پوچھ گچھ کے دوران کئی بار رو پڑے تھے آریان خان۔ سابق افسر
پوچھ گچھ کے دوران کئی بار رو پڑے تھے آریان خان۔ سابق افسر

 



ممبئی : بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان 2021 کے ممبئی کروز ڈرگس کیس کی تحقیقات کے دوران کئی مرتبہ جذباتی ہو کر رو پڑے تھے۔ انہوں نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا تھا کہ جب ان کے قبضے سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی تو انہیں بین الاقوامی منشیات اسمگلر اور اس کاروبار کا سرغنہ کیوں قرار دیا گیا؟ یہ انکشاف نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ایک سابق سینئر افسر نے اپنی آنے والی کتاب میں کیا ہے۔

’گلف نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق این سی بی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنجے کمار سنگھ نے اپنی کتاب ’کوڈ آف آنر‘ میں آریان خان کے ساتھ ہونے والی ایک جذباتی گفتگو کا ذکر کیا ہے۔ سنگھ اس وقت اس خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی سربراہی کر رہے تھے جسے کروز ڈرگس کیس کی دوبارہ جانچ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔’ہندوستان ٹائمز‘ کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنجے کمار سنگھ کے مطابق آریان خان نے ان سے سوال کیا تھا کہ جب ان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی تو انہیں ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلر اور مالی معاون کے طور پر کیوں پیش کیا گیا؟ آریان کا کہنا تھا کہ ان پر عائد الزامات نے ان کی ایسی تصویر بنا دی تھی جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

سنجے کمار سنگھ نے اپنی کتاب میں آریان خان کا نام براہ راست نہیں لیا ہے بلکہ انہیں ایک مشہور شخصیت کا بیٹا قرار دیا ہے۔ تاہم ان کے بیان کے سیاق و سباق سے واضح ہوتا ہے کہ اشارہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی جانب ہے جنہیں اکتوبر 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا۔سابق افسر نے لکھا ہے کہ پورا واقعہ بیان کرتے ہوئے وہ نوجوان کئی مرتبہ جذباتی ہو کر رو پڑا۔ اس کے جذبات بالکل واضح تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ تحقیقات کے دوران اور اس کے بعد میڈیا میں ہونے والی شدید بحث و تکرار نے اس پر گہرا اثر ڈالا تھا۔

کروز جہاز پر چھاپے کی کارروائی پر بھی اٹھائے سوالات

سنجے کمار سنگھ نے اپنی کتاب میں این سی بی کی ابتدائی تحقیقات اور اس وقت کے ممبئی زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی قیادت میں ہونے والی کارروائی کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔رپورٹ کے مطابق انہوں نے کروز جہاز کا دورہ کرنے اور کارروائی میں شامل افسران سے بات چیت کے بعد چھاپے کی دستاویز بندی پر کئی سوالات کیے۔ انہوں نے دریافت کیا کہ کیا جہاز پر ہونے والی کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ یا تصاویر بنائی گئی تھیں؟ اس کے علاوہ انہوں نے اس مخبر کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں جس کی اطلاع پر این سی بی نے کارروائی کی تھی۔

سنگھ کے مطابق کارروائی کی مناسب دستاویز بندی اور طریقہ کار میں وضاحت کی کمی نے کئی شکوک پیدا کیے۔ انہوں نے مخبر کو باقاعدہ گواہ بنانے کے فیصلے پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر مخبروں کی شناخت محفوظ رکھنے اور مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ سے بچنے کے لیے انہیں گواہ نہیں بنایا جاتا۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانچ میں گواہوں اور ملزمان کے بیانات میں بھی کئی تضادات اور متضاد دعوے سامنے آئے تھے۔

واٹس ایپ چیٹس سے منشیات کی اسمگلنگ ثابت نہیں ہوئی

سنجے کمار سنگھ نے تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے ڈیجیٹل شواہد کا بھی ذکر کیا ہے۔ ان کے مطابق آریان خان کے موبائل فون سے حاصل ہونے والی واٹس ایپ چیٹس میں بیرون ملک دوروں کے دوران منشیات کے استعمال سے متعلق گفتگو موجود تھی لیکن ان سے منشیات کی اسمگلنگ یا قبضے میں رکھنے کا الزام ثابت نہیں ہوتا تھا۔انہوں نے موبائل فون کی تحویل اور اس کی جانچ کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھائے۔ ان کے مطابق منشیات کے استعمال کی تصدیق کے لیے طبی معائنہ بھی نہیں کرایا گیا تھا۔

6 افراد کے خلاف الزامات واپس لیے گئے

خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اپنی دوبارہ جانچ کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ آریان خان اور 5 دیگر افراد کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے کافی شواہد یا تکنیکی ثبوت موجود نہیں تھے۔ اس کے بعد این سی بی نے 6 افراد کے خلاف الزامات واپس لے لیے جبکہ مئی 2022 میں 14 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی۔تحقیقاتی ٹیم نے ابتدائی تحقیقات میں شواہد جمع کرنے کی خامیوں اور طریقہ کار کی بے ضابطگیوں کی بھی نشاندہی کی تھی۔ سنجے کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم پر تحقیقات کو کسی مخصوص سمت میں لے جانے کے لیے کوئی دباؤ نہیں تھا۔

کتاب میں سی بی آئی کے دور کا بھی ذکر

سنجے کمار سنگھ نے اپنی کتاب میں اپنے کیریئر کے دوران سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) میں گزارے گئے وقت اور اس دوران پیش آنے والے تنازعات کا بھی ذکر کیا ہے۔ وہ 2008 سے 2015 تک سی بی آئی میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔انہوں نے سابق سی بی آئی ڈائریکٹر رنجیت سنہا سے متعلق تنازع کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان پر بدعنوانی کے مقدمات میں ملزم افراد سے سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کرنے کے الزامات لگے تھے۔ سنگھ کے مطابق انہیں اس معاملے میں ادارے کا دفاع تیار کرنے کے لیے کہا گیا تھا لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ ان کے خیال میں اس سے شفافیت۔ انصاف اور جواب دہی کے اصول متاثر ہوتے۔ اس کے بعد ان کا تبادلہ گوہاٹی کر دیا گیا تھا۔سنجے کمار سنگھ کی کتاب ’کوڈ آف آنر‘ میں ہندوستان کے تحقیقاتی اداروں میں ان کے پیشہ ورانہ تجربات اور ان کے سامنے آنے والے مختلف چیلنجوں کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ کتاب 28 نومبر 2026 کو منظر عام پر آنے والی ہے۔