وارانسی:وارانسی میں پولیس نے کاشی وشوناتھ مندر کے قریب یاتریوں اور سیاحوں سے مبینہ طور پر بدسلوکی کرنے اور آسان درشن کرانے کے نام پر ان سے رقم وصول کرنے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق چو ک پولیس نے 19 اگست کو سری کاشی وشوناتھ مندر کے گیٹ نمبر 4 کے قریب سی سی ٹی وی فوٹیج اور ایک مقامی مخبر سے حاصل معلومات کی بنیاد پر یہ کارروائی کی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان مندر میں آسان درشن کرانے کے نام پر یاتریوں اور زائرین سے رابطہ کرتے تھے اور مبینہ طور پر ان سے رقم وصول کرتے تھے۔
یہ کارروائی وارانسی کے پولیس کمشنر کی جانب سے جرائم اور مطلوب و مفرور ملزمان کے خلاف جاری مہم کے تحت کی گئی۔پولیس کے مطابق ملزمان کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کی دفعہ 170 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔گرفتار ملزمان کی شناخت دیوریا کے رہنے والے 35 سالہ لال بابو پانڈے۔ وارانسی کے لہرتارا کے رہنے والے 24 سالہ آشیش پانڈے۔ وارانسی کے سوجا باد کے رہنے والے 44 سالہ دلیپ پانڈے۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور کے رہنے والے 20 سالہ یش دوبے اور بہار کے دربھنگہ کے رہنے والے 21 سالہ سشیل کمار داس کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تمام گرفتاریاں 19 اگست کو چو ک علاقے میں سری کاشی وشوناتھ مندر کے گیٹ نمبر 4 کے قریب کی گئیں۔