اے ایم یو وائس چانسلر نے اورل آنکولوجی یونٹ کا افتتاح کیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-07-2021
 اورل آنکولوجی یونٹ کا افتتاح
اورل آنکولوجی یونٹ کا افتتاح

 

 

علی گڑھ، 19 جولائی

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کی سلور جوبلی کے موقع پر اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری شعبہ میں اورل آنکولوجی یونٹ کا قیام کیا گیا ہے جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کیا۔

وائس چانسلر نے اس موقع پر یونیورسٹی جرنل آف میکزیلو فیشیئل سرجری اینڈ اورل سائنسز کے پہلے شمارہ کا بھی اجراء کیا۔

پروفیسر منصور نے اورل آنکولوجی یونٹ کے قیام کو سراہا اور اورل کینسر کے علاج میں بہتر نتائج کے لئے انٹر ڈسپلنری سرجری ٹیم کو شامل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے ڈینٹل کالج کی مزید ترقی کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور پہلے شمارے میں معیاری مضامین کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی۔

پروفیسر شاہد اے صدیقی (پرنسپل اور سی ایم ایس، جے این میڈیکل کالج) نے اورل آنکولوجی یونٹ کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں چند ہی مقامات پر اورل کینسر کے علاج کی سہولیات دستیاب ہیں اور یہ بہت مہنگی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے لئے علاج معالجہ کو کفایتی بنانے کی ضرورت ہے۔

افتتاحی تقریب میں پروفیسر ایس ایس احمد (چیئر مین، اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری شعبہ) نے کہا کہ اورل کینسر یونٹ کا مقصد اورل کینسر کو روکنا،اس کی جلد تشخیص اور آپریشن کے بعد بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنا ہے۔

پروفیسر آر کے تیواری (پرنسپل زیڈ اے ڈینٹل کالج) نے بتایا کہ ڈینٹل کالج کے قیام کے سلور جبلی سال میں کئی ویبینار منعقد کئے گئے جس سے ڈینٹل پیشہ ور کثیر تعداد میں مستفید ہوئے۔ انہوں نے ڈینٹل کالج کی ترقی کے لئے وائس چانسلر کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔ پروفیسر جی ایس ہاشمی نے اظہار تشکر کیا۔

پروگرام میں ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے مختلف شعبوں کے سربراہان شریک ہوئے۔ پروفیسر این ڈی گپتا، پروفیسر افشاں بی، ڈاکٹر شاداب رضوی، ڈاکٹر ایم کے جندل، ڈاکٹر کلیم انصاری اور ڈاکٹر تابش الرحمن بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد دانش نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔