نئی دہلی: وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتے کے روز نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اور امریکہ کے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کو ’آپریشن مانسون تھنڈر‘ کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس آپریشن کا مقصد سرحد پار سے ہونے والی منشیات کی اسمگلنگ کو روکنا تھا۔ امیت شاہ نے اسے منشیات کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بھارت اور امریکہ کے درمیان مضبوط شراکت داری کا ثبوت قرار دیا۔
بھارت اور امریکہ کی متعلقہ ایجنسیوں نے مشترکہ طور پر ’آپریشن مانسون تھنڈر‘ انجام دیا۔ اس کارروائی کے دوران ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے چھ ارکان کو حال ہی میں گرفتار کیا گیا۔ شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’سرحد پار سے ہونے والی منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے مشترکہ طور پر شروع کیے گئے آپریشن مانسون تھنڈر کی شاندار کامیابی پر این سی بی اور امریکی ڈی ای اے کو دلی مبارکباد۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’اس آپریشن کے تحت بھارت اور امریکہ میں کی گئی گرفتاریاں اور ضبط کی گئی منشیات اس بات کا ثبوت ہیں کہ منشیات کے خطرے سے نمٹنے میں بھارت اور امریکہ کی شراکت داری کتنی مضبوط ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں کہ نہ تو ایک گرام منشیات بھارت میں آئے اور نہ ہی یہاں سے کسی دوسرے ملک میں بھیجی جائے۔