مقررہ شرحوں سے زیادہ بل وصول کرنے پر ہو کارروائی : گہلوت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-05-2021
راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت
راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت

 

 

جے پور

راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے نجی اسپتالوں ، لیبز اور دوا کی دکانوں کی جانب سے کورونا مریضوں کے علاج معالجے اور جانچ میں طے شدہ شرحوں سے زیادہ رقم کی وصولی کے معاملے پر فوری طور پر سنجیدگی کے ساتھ سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔

گہلوت منگل کی شام ریاست میں کورونا انفیکشن کی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا متاثرین کے مفادات کے لئے پوری طرح حساس ہے۔ اس ضمن میں کسی قسم کی شکایت کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کورونا سے موت ہونے پر لاش کے ٹرانسپورٹ اور احترام کے ساتھ مفت آخری رسومات کے انتظامات کیے ہیں ، اس پر نچلی سطح تک عمل کرنا اور نگرانی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے میڈیکل اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ریاست میں کورونا کی تیسری ممکنہ لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک موثر حکمت عملی تیار کریں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ طبی ماہرین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ تیسری لہر میں بچے زیادہ متاثر ہوں گے۔ ایسی صورتحال میں ہمیں اس کے انتظام میں کوئی کسر باقی نہیں رکھنی ہوگی۔ اس کے لئے ، دیگر ممالک اور ریاستوں کے کی جانبے سے کئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیں۔ (ایجنسی ان پٹ )