سری نگر: سری نگر میں منشیات کی اسمگلنگ اور اس سے وابستہ مالیاتی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 13.43 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی متعدد جائیدادیں ضبط یا قرق کی گئی ہیں۔ پولیس نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر پولیس نے منشیات اور نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادوں سے متعلق قانون، 1985 (این ڈی پی ایس ایکٹ) کی دفعات کے تحت متعدد رہائشی جائیدادوں اور ایک گاڑی کو ضبط یا قرق کیا ہے۔
ان کی مجموعی مالیت 13.43 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ یہ مشترکہ کارروائی خان یار، پنتھا چوک، شالٹینگ، صفاکدل، صورہ اور احمد نگر پولیس تھانوں نے انجام دی۔ مالیاتی تحقیقات کے دوران ان جائیدادوں کی نشاندہی ایسی املاک کے طور پر کی گئی، جنہیں مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم سے خریدا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق، خان یار پولیس نے آٹھ کروڑ روپے مالیت کی چار رہائشی جائیدادیں اور ایک گاڑی قرق کی۔
پنتھا چوک پولیس نے 1.24 کروڑ روپے مالیت کی ایک رہائشی جائیداد، جبکہ شالٹینگ پولیس اسٹیشن نے 1.21 کروڑ روپے مالیت کی ایک جائیداد قرق کی۔ اسی طرح صفاکدل پولیس نے 10.15 لاکھ روپے مالیت کی ایک جائیداد اور احمد نگر پولیس نے ایک کروڑ روپے مالیت کی ایک جائیداد قرق کی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ صورہ پولیس نے بھی 1.18 کروڑ روپے مالیت کی ایک جائیداد، جبکہ احمد نگر پولیس نے 80 لاکھ روپے مالیت کی ایک اور جائیداد قرق کی۔
پولیس کے مطابق، ان جائیدادوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک انتظامی مجسٹریٹ کی موجودگی میں ضبط یا قرق کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ مشترکہ کارروائی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کی مالی طاقت پر ضرب لگانے کے لیے سری نگر پولیس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ پولیس کا مقصد منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کے ذریعے خریدی گئی جائیدادوں کی نشاندہی، ان کا سراغ لگانا اور انہیں ضبط کرکے اس مالیاتی ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے، جو منظم منشیات کی اسمگلنگ کو جاری رکھنے میں مدد دیتا ہے۔