نئی دہلی: بھارتی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارامن نے پیر کے روز کہا ہے کہ غربت کے خاتمے اور اس سے باہر نکلنے والے افراد کو دوبارہ غربت میں جانے سے روکنے کے لیے مالیاتی سہولتوں، منڈیوں اور ڈیجیٹل معیشت تک وسیع رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ وزیرِ خزانہ نے عالمی بینک کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2011 سے 2023 کے درمیان تقریباً 50 کروڑ بھارتی شہری غربت سے باہر نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے محرومیوں کے خاتمے کے لیے ہدف پر مبنی اقدامات، واضح نتائج اور ضروریات کے مطابق تیار کردہ فلاحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔
نرملا سیتارامن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ غربت صرف آمدنی یا اجرت کی کمی کا نام نہیں ہے۔ محفوظ رہائش، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور صحت کی سہولتوں کے بغیر کوئی بھی خاندان آمدنی میں اضافے کے باوجود غیر محفوظ رہتا ہے۔ ایک بیماری خاندان کی تمام جمع پونجی ختم کرکے اسے دوبارہ غربت میں دھکیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن، آیوشمان بھارت، پردھان منتری آواس یوجنا، اجولا یوجنا اور سوچھ بھارت جیسی فلاحی اسکیمیں مل کر ایسے خطرات کے خلاف حفاظتی ڈھال کا کام کر رہی ہیں، جو ماضی میں خاندانوں کو دوبارہ غربت میں دھکیل دیتے تھے۔ ان منصوبوں سے گھریلو اخراجات میں کمی کے ساتھ لوگوں کا وقت بھی بچ رہا ہے۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اب اگلا مرحلہ اس پیش رفت کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ان افراد کو بھی غربت سے نکالنا ہے جو اب تک معاشرے کے نچلے ترین طبقے میں ہیں۔
اس کے ساتھ یہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ جو لوگ پہلے ہی غربت سے باہر نکل چکے ہیں، وہ مزید ترقی کریں اور دوبارہ غربت کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف فلاحی اقدامات کے ذریعے بنیادی تحفظ فراہم کرنے کے بعد اب مالیاتی سہولتوں، منڈیوں اور ڈیجیٹل معیشت تک مزید وسیع رسائی کی ضرورت ہے۔ ’وکست بھارت‘ یعنی ترقی یافتہ بھارت کے قیام میں درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے سیتارامن نے کہا کہ حکومت روزگار سے منسلک مراعات، انٹرن شپ اور اپرنٹس شپ پروگراموں کے ذریعے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کر رہی ہے، جبکہ بنیادی ڈھانچے میں سرکاری سرمایہ کاری ملک کے مختلف حصوں کو آپس میں جوڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے مواقع صرف چند افراد تک محدود نہیں رہنے چاہئیں۔ وزیرِ خزانہ کے مطابق سماجی تحفظ کے اقدامات خاندانوں کو دوبارہ غربت میں جانے سے بچاتے ہیں، لیکن مزید ترقی کے لیے انہیں آمدنی کے نئے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مدرا اسکیم کے ذریعے مالیاتی مواقع پیدا کیے ہیں، جس کے تحت 60 کروڑ قرض اکاؤنٹس منظور کیے جاچکے ہیں، جن میں تقریباً دو تہائی خواتین کے ہیں۔ اس کے علاوہ پی ایم سواندھی اور پی ایم وشوکرما جیسی اسکیمیں ریڑھی پٹری لگانے والوں اور روایتی دستکاروں کی مدد کر رہی ہیں۔
نرملا سیتارامن نے مزید لکھا کہ بھارت میں غربت کے خاتمے کے حوالے سے عارضی امداد فراہم کرنے کے بجائے ان بنیادی رکاوٹوں کو دور کرنے کی سمت ایک اہم تبدیلی آئی ہے جو غربت کو برقرار رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتودیا یعنی معاشرے کے آخری فرد کی فلاح کے اصول سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ہر گھر کی محرومیوں کو دور کرنے اور ترقی کے ثمرات ان لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔