وارانسی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو وارانسی میں آبے میموریل کوریڈور کو بھارت اور جاپان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کا ’’زندہ ثبوت‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنجو آبے کو خراج عقیدت بتایا۔ رودراکش انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے شنجو آبے کی اہلیہ آکی آبے اور جاپانی وفد کا کاشی اور سارناتھ کے عوام کی جانب سے استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوریڈور اتر پردیش کے 25 کروڑ عوام، وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستان کے 140 کروڑ عوام کی جانب سے شنجو آبے کو خراج عقیدت ہے۔ یہ ہندوستان اور جاپان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں آبے کے کردار کی بھی علامت ہے۔
یوگی نے کہا کہ 7 اکتوبر کو نریندر مودی کے پہلی بار 2001 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لینے کے 25 سال مکمل ہو رہے ہیں اور مودی و آبے کی دوستی کی بنیاد بھی اسی دور میں پڑی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 2007 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے مودی جاپان گئے تھے، جہاں ان کی پہلی ملاقات شنجو آبے سے ہوئی۔ یوگی نے کہا، ’’یہ دوستی عہدوں پر مبنی نہیں تھی بلکہ اعتماد پر قائم ہوئی تھی۔ عہدے بدلتے رہے، لیکن دوستی نہیں بدلی۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے 2007 میں آبے کے ہندوستان دورے کے دوران ہندوستانی پارلیمنٹ میں دی گئی ان کی تقریر، 2014 میں کاشی-کیوٹو تعاون معاہدے، 2015 میں وارانسی میں گنگا آرتی میں ان کی شرکت اور 2017 میں احمد آباد میں بلٹ ٹرین منصوبے کی بنیاد رکھے جانے کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں شنجو آبے نے مودی کی میزبانی یاماناشی میں واقع اپنی نجی رہائش گاہ پر کی تھی، جس سے دونوں رہنماؤں کے تعلقات کو ’’ذاتی قربت‘‘ ملی۔ یوگی نے بتایا کہ ہندوستان میں تقریباً 1400 جاپانی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور دونوں ملکوں کی شراکت داری اب سیمی کنڈکٹر، مصنوعی ذہانت، گرین ہائیڈروجن اور اہم معدنیات جیسے شعبوں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنجو آبے کو 2021 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔ جولائی 2022 میں ان کی موت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی انہیں آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹوکیو بھی گئے تھے۔
یوگی نے بتایا کہ رواں سال فروری میں ان کے جاپان دورے کے دوران ٹوکیو اور یاماناشی میں ہزاروں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یاماناشی اب گرین ہائیڈروجن توانائی کے شعبے میں اتر پردیش کا شراکت دار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے علاقے میں 500 ایکڑ زمین پر جاپانی شہر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ’انویسٹ یوپی‘ کے تحت ’یاماناشی ڈیسک‘ بھی قائم کیا گیا ہے۔ یوگی نے کہا کہ 2027 میں ہندوستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہوں گے اور آبے میموریل کوریڈور اس موقع کا ’’پہلا تحفہ‘‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان ’’طلوع ہوتے سورج کی سرزمین‘‘ ہے، جبکہ اتر پردیش ’’سورج ونش‘‘ کی سرزمین ہے۔ انہوں نے سارناتھ، کشی نگر، کپل وستو، شراوستی، کوشامبی اور سنکسیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’جاپان کے عقیدے اور آستھا کا راستہ اتر پردیش سے ہوکر گزرتا ہے۔‘‘ اس موقع پر آکی آبے نے بھی لوگوں سے خطاب کیا۔